ْ نواز شریف پر منی لانڈرنگ کا الزام ،قائمہ کمیٹی قانون و انصاف میں چیئرمین نیب کی طلبی

اجلاس ان کیمرہ کردیا گیا

ہفتہ 19 مئی 2018 22:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مئی2018ء) نوازشریف پر منی لانڈرنگ کے الزام میں چیئرمین نیب کی طلبی کے موقع پر قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کا اجلاس اِن کیمرہ کردیا گیا۔ میڈیارپورٹس کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی طلبی کے موقع پر قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کا 22 مئی کو ہونے والا اجلاس اِن کیمرا کردیا گیا ہے جس میں میڈیا کو رسائی نہیں ہوگی، اجلاس اِن کیمرہ کرنے سے متعلق اراکین کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے جب کہ اجلاس کو اِن کیمرا کرنے کا فیصلہ چیئرمین قائمہ کمیٹی اور اسمبلی سیکرٹریٹ نے کیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین نیب نے 22 مئی کے اجلاس میں حاضری کی یقین دہانی کرائی ہے۔واضح رہے کہ نیب کی جانب سے میاں نوازشریف پر 4.9 ملین ڈالر بھارت منی لانڈرنگ کے الزام سے متعلق ایک پریس ریلیز جاری کی گئی تھی جس پر مسلم لیگ (ن) نے شدید تنقید کی اور وزیراعظم نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کیدوران چیئرمین نیب کو اسمبلی طلب کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون انصاف نے چیئرمین نیب کو 16 مئی کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا لیکن اس روز انہوں نے پیش ہونے سے معذرت کرلی تھی جس کے بعد کمیٹی نے اب انہیں 22 مئی کو طلب کر رکھا ہے۔