وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت 23 واں قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس منعقد‘ کمیٹی کا مختلف عالمی فورمز پر کشمیر اور فلسطین سے متعلق پاکستان کے اصولی موقف پر اطمینان کا اظہار‘ آزاد جموںکشمیر اور گلگت بلتستان کونسلوں کی تشکیل نو اور گلگت بلتستان کو ٹیکس استثنیٰ دینے پر اتفاق‘کمیٹی کی فاٹا کا انتظامی اور عدالتی آئینی اداروں کا بنیادی ڈھانچہ وضع کر کے خیبرپختونخوا کے قوانین کے تحت خیبرپختونخوا میں انضمام کی توثیق

اتوار 20 مئی 2018 00:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت 23 واں قومی سلامتی کمیٹی (این اے سی ) کا اجلاس ہفتہ کو وزیراعظم ہائوس میں ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال ،وزیر دفاع و خارجہ امور خرم دستگیر خان، وزیر خزانہ ریونیو اینڈ اکنامک افیئر مفتاح اسماعیل ،چیئرمین جائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات ،چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ ،چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی، چیف آف ائیر سٹاف ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان، ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار اور سینئر سول اور عسکری حکام نے شرکت کی ۔

کمیٹی نے مختلف عالمی فورمز پر کشمیر اور فلسطین سے متعلق پاکستان کے اصولی موقف پر اطمینان ظاہر کیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن سرتاج عزیز نے وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان کے معاملات کے بارے میں آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان اصلاحاتی تجاویز کے حوالے سے کمیٹی کو آگاہ کیا۔ کمیٹی میں آزادجموں کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتوں کو انتظامی اختیارات اور مالی اختیارات کی تقسیم پر بھی اتفاق رائے ہوا۔

اجلاس نے مشاورتی اداروں کے طور پر آزاد جموںکشمیر اور گلگت بلتستان کونسلوں کی تشکیل نو اور گلگت بلتستان کو ٹیکس استثنیٰ دینے پر بھی اتفاق کیا۔ قومی سلامتی کمیٹی نے خیبرپختونخوا میں فاٹا کے ضم ہونے کے معاملے پر بھی غور کیا۔ وزیراعظم نے کمیٹی کو فاٹا کے ضم ہونے کے معاملے پر دیگر سیاسی جماعتوں اور پارلیمنٹ کے اندر مشورے سے متعلق آگاہ کیا۔

کمیٹی نے توثیق کی کہ فاٹا کا انتظامی اور عدالتی آئینی اداروں کا بنیادی ڈھانچہ وضع کر کے خیبرپختونخوا کے قوانین کے تحت خیبرپختونخوا میں انضمام ہونا چاہئے۔کمیٹی نے آئندہ دس سال کے لئے فاٹا ریجن کے لئے سخت نگرانی کے تحت اضافی ترقیاتی فنڈز فراہم کرنے کی بھی منظوری دی۔ فاٹا کے لئے مختص فنڈز دوسرے صوبے میں حرچ نہیں کئے جائیں گے۔ وزارت داخلہ نے سیاحوں اور تاجروں کیلئے ویزا کے عمل کو آسان بنانے پر بریفنگ دی گئی۔

ان تجاویز کا جائزہ لینے کیلئے، قومی سلامتی کمیٹی نے وزارت داخلہ کو ویزا کے عمل کو مزید بہتر بنانے اور ان پر اگلی میٹنگ میں غور کرنے کے لئے ہدایت کی۔ وزارت خارجہ نے اجلاس میں علاقائی اور عالمی صورتحال پر بریفنگ دی ۔پاکستان خطے اور اس سے آگے امن اور سلامتی کیلئے کردار ادا کرتا رہے گا۔