امریکی اقدامات کا ترکی بہ ترکی جواب دیں گے، روسی صدر

اتوار 20 مئی 2018 09:30

ماسکو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2018ء) روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے گیس منصوبے میں مداخلت پر امریکہ کو سخت خبردار کیا ہے۔روسی خبر رساں ادارے تاس کے مطابق صدرپیوٹن نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا نے روس جرمنی گیس منصوبے میں رخنہ اندازی کی کوشش کی تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔روسی صدر نے کہا کہ وہ اس منصوبے کے بارے میں امریکی صدر ٹرمپ کے موقف کو اچھی طرح سمجھتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹرمپ ایک تاجر پیشہ شخص ہیں اور وہ اپنی مصنوعات یورپ کے بازاروں میں فروخت کرنا چاہتے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ روس کے صدر اور جرمن چانسلر اینجلا مرکل کے درمیان جمعے کو ہونے والی ملاقات میں یورپ کے لیے روسی گیس کے منصوبے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس سے پہلے ایک امریکی عہدیدار نے کہا تھا کہ امریکہ کو نورڈ اسٹریم گیس پائپ منصوبے پر تحفظات ہیں اور اس منصوبے میں کام کرنے والی کمپنیوں کو امریکی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔