امریکہ میں پہاڑی شیر سائیکل سوار کو مار کر غار میں لے گیا،ایک شدید زخمی

حملے کے کئی گھنٹوں کے بعد شکاری کتوں کی مدد سے شیرکا سراغ لگا کر ہلاک کر دیا گیا،حکام محکمہ جنگلات

اتوار 20 مئی 2018 12:40

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2018ء) امریکی جنگلی حیات کے حکام نے خبر دی ہے کہ ریاست واشنگٹن میں ایک پہاڑی شیر نے ایک سائیکل سوار کو ہلاک اور دوسرے کو شدید زخمی کر دیا۔غیرملکی خبرساںں ادارے کے مطابق یہ واقعہ سیئٹل شہر سے 50 کلومیٹر دور نارتھ بینڈ کے علاقے میں پیش آیا۔ زخمی ہونے والے شخص نے اپنے موبائل فون کے ذریعے مدد کے لیے رابطہ کیا۔

(جاری ہے)

کنگ کاؤنٹی کے شیرف کے ترجمان سارجنٹ رائن ایبٹ نے کہا کہ اس کے ساتھی سائیکل سوار کو شیر گھسیٹ کر اپنے غار میں لے گیا تھا۔جنگلی حیات کے حکام نے کہا کہ یہ واشنگٹن ریاست میں گذشتہ سو برس میں دوسرا واقعہ ہے کہ کسی پہاڑی شیر نے کسی انسان کو ہلاک کیا ہو۔حملے کے کئی گھنٹوں کے بعد شکاری کتوں کی مدد سے حملہ آور جانور کا سراغ لگا کر اسے ہلاک کر دیا گیا۔پہاڑی شیر دنیا میں بلی کی نسل کا چوتھا سب سے بڑا درندہ ہے، لیکن یہ انسانوں پر شاذ و نادر ہی حملہ کرتا ہے۔تاہم حکام کے مطابق حالیہ برسوں میں اس کے انسانوں پر حملوں کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔