ٹی وی کی میزبان مرد ساتھی کو آن ایئر’’ خوبرو‘‘ کہنے پر معطل

اتوار مئی 12:50

ٹی وی کی میزبان مرد ساتھی کو آن ایئر’’ خوبرو‘‘ کہنے پر معطل
کویت سٹی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 مئی2018ء) کویت کی وزارت اطلاعات نے سرکاری ٹی وی کی ایک پیش کار کو اپنے ساتھی مرد کو براہ راست نشریات کے دوران میں ’’خوبرو‘‘ کہنے پر معطل کردیا ہے جس پر سوشل میڈیا پر ملے جلے رد عمل کا اظہار کیا گیا ہے۔کویت کے ایک رکن پارلیمان محمد ہایف نے کویت ٹی وی چینل کی ایک میزبان باسمہ الشمار کے بارے میں وزارت کو یہ شکایت کی تھی کہ انھوں نے ملک میں منعقدہ حالیہ بلدیاتی انتخابات کی براہ راست کوریج کے دوران میں اپنے ایک مرد ساتھی میزبان کو خوبرو اور چاق چوبند کہا تھا۔

اس شکایت پر وزارت نے بسمہ کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔کویت میں سوشل میڈیا پر اس واقعے کی ویڈیو وائرل ہوگئی ہے۔اس میں خاتون پیش کار اپنے مرد ساتھی نواف الشراکی کو خبردار کرنے کی کوشش کررہی ہیں کہ وہ آن ائیر ہیں۔

(جاری ہے)

اس وقت وہ اپنے روایتی سرپوش کو درست کرنے کی کوشش کررہے تھے۔اس خاتون کے الفاظ یہ تھی:’’ نواف آپ کو اپنا سرپوش درست کرنے کی ضرورت نہیں ،آپ تو پہلے خوب صورت ہیں ‘‘۔

باسمہ الشمار نے العربیہ ڈاٹ نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں نے جو کچھ کہا ، یہ تو ایک معمول کی بات تھی۔خلیج میں ابلاغ کا ایک معروف طریقہ یہ ہے کہ جب آپ کسی کو لباس درست کرتے ہوئے دیکھتے ہیں تو آپ اس کو یہ کہتے ہیں کہ آپ تو ویسے ہی خوب صورت نظر آرہے ہیں۔میں نے بھی نواف کو یہی کچھ کہا تھا کہ آپ تو ویسے ہی خوبرو ہیں ،اس لیے آپ کو اپنا سرپوش درست کرنے کی ضرورت نہیں ہے اور ہم آپ کے خبری رپورٹ پیش کرنے کے منتظر ہیں‘‘