آنے والا دور پاکستان پیپلز پارٹی کا ہے‘حاجی محمد گلزار اعوان

راولپنڈی کینٹ کے مختلف علاقوں میں لگائے جانے والے رکنیت سازی کیمپ انتہائی کامیاب اور توقعات سے زیادہ نتائج کے حامل ثابت ہوئے

اتوار 20 مئی 2018 13:10

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی راولپنڈی ڈویژن کے نائب صدر حاجی محمد گلزار اعوان نے کہا ہے کہ راولپنڈی کینٹ کے مختلف علاقوں میں لگائے جانے والے رکنیت سازی کیمپ انتہائی کامیاب اور توقعات سے زیادہ نتائج کے حامل ثابت ہوئے ہیں جس میں جیالوں کی محنت نے اپنا رنگ دکھایا ہے ․ ان کیمپوں کے دوران جس جوش و جذبے کے ساتھ لوگوں نے پی پی پی کی رکنیت سازی حاصل کی ہے اس کو دیکھتے ہوئے یہ پیشن گوئی کرنا غلط نہیں کہ آنے والا دور پاکستان پیپلز پارٹی کا ہے اور جولائی 2018 ء کے الیکشن میں ملک کے دیگر حصوں کی طرح یہاں سے بھی ہماری جماعت واضح اکثریت کے ساتھ جیتے گی ․ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز پیپلز سیکریٹریٹ لین 4 پشاور روڈ راولپنڈی کینٹ میں پارٹی کارکنوں کے ایک اہم مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ․ پیپلز سیکریٹریٹ کے ترجمان راجہ ساجد کلیم کیانی کے علاوہ پی پی پی کینٹ کے سنئیر جیالوں اور جیالیوں کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی ․ حاجی محمد گلزار اعوان نے تمام کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کارکنوں نے انتہائی محنت اور تندہی کے ساتھ اپنے اپنے علاقوں میں کام کیا ہے اور پارٹی کی شہید قیادت کی قربانیوں کو اجاگر کرکے لوگوں میں جذبہ پیدا کیا کہ وہ شہید بھٹوز کے مشن کو جاری رکھنے کیلئے پارٹی کا ساتھ دیں ․ اس محنت کے نتیجے میں عوام کی بڑی تعداد نے رکنیت سازی مہم کے دوران پارٹی سے اپنی وابستگی اختیار کی ․ انہوں نے کہا کہ میں بھی آپ سب کی طرح ایک ورکر ہوں اور بھٹواور بی بی شہید کے سیاسی فلسفے کا امین بن کر پارٹی کاز کیلئے کام کر رہا ہوں جس کے لئے مجھے کسی نمود و نمائش یا ستائش کی طلب نہیں ․ انہو ںنے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی صورت میں ہمارے شہید قائدین کا سیاسی فلسفہ اور ویژن پوری آب و تاب کے ساتھ ہمارے ساتھ موجود ہے اور ہم انشاء اللہ آنے والے الیکشن میں بھر پور کامیابی حاصل کرکے شہید قیادت کے ویژن کی تکمیل کریں گے ․ اس موقع پر رمضان المبارک کے دوران حاجی محمد گلزار اعوان کی جانب سے حلقہ این اے 61 کے غریب و نادار افراد میں راشن کی تقسیم ، افطار پارٹیو ں کے شیڈول اور ررکنیت سازی مہم کو مزید آگے بڑھانے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا جس میں تمام جیالوں نے اپنی رائے دی ․ حاجی محمد گلزار اعوان کی جانب سے روٹری کلب انٹرنیشنل کے اراکین کے اعزاز میں 6 رمضان المبارک کو حاجی گلزار اعوان کی رہائش گاہ پر ایک افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا ہے -