حکومت پنجاب نے رواں سال کیلئے صوبے میں چاول کی کاشت کا ہدف44لاکھ40 ہزارایکڑ جبکہ پیداواری ہدف 35 ملین ٹن مقر رکردیا

اتوار 20 مئی 2018 13:30

فیصل آباد۔20 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2018ء) حکومت پنجاب نے رواں سال کیلئے صوبے میں چاول کی کاشت کا ہدف44لاکھ40 ہزارایکڑ کے قریب جبکہ پیداواری ہدف 35 ملین ٹن کے قریب مقر رکردیاہے ۔ محکمہ زراعت کے ذرائع نے بتایاکہ دھان کی زیادہ پیداواری صلاحیت کی حامل منظور شدہ اقسام میں سپرباسمتی، باسمتی 370-، باسمتی 385-، باسمتی پاک (کرنل باسمتی)، باسمتی 2000-، باسمتی 515-، پی ایس 2-، پی کے 386- اور باسمتی 198-(صرف ساہیوال، اوکاڑہ اور ملحقہ علاقوں کے لئی) وغیرہ کی پنیری یکم جون سے 20جون تک کاشت کی جا سکتی ہے جبکہ شاہین باسمتی کی پنیری کاموزوں وقت کاشت 15جون سے 30جون تک ہے۔

انہوںنے کہا کہ کاشتکار دھان کی موٹی اقسام اری 6-، کے ایس 282-، کے ایس کے 133-، کے ایس کے 434-، نیاب 2013- اور نیاب اری 9-وغیرہ کی پنیری 20مئی سے 7جون تک جبکہ ہائبرڈ اقسام وائی 26-، پرائیڈ 1-، شہنشاہ 2-، پی ایچ بی 71-اور آرائز سوئفٹ وغیرہ کی پنیری کی کاشت 20مئی سے 15جون تک مکمل کریں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ صوبائی حکومت ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کو فروغ دے کر شعبہ زراعت میں ترقی، کسانوں اور عوام کی فلاح، سیلز ٹیکس ، ریونیو اوربرآمدات میں اضافے اور زرمبادلہ کو بڑھا کر معیشت کی ترقی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔انہوںنے کہا کہ کسان حضرات سبزیوں کی کاشت کیلئے ٹنل فارمنگ کو فروغ دینے سمیت محکمہ زراعت کے نمائندوں کی تجاویز پر عملدرآمد اور سبزیوں کی بروقت کاشت کو یقینی بنائیں۔