محکمہ زراعت پنجاب نے جعلی کھادوں و زرعی ادویات کے پولیس و عدالتوں میں زیر التواء مقدمات کی تفصیلات طلب کر لیں

اتوار 20 مئی 2018 13:30

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2018ء) :محکمہ زراعت پنجاب نے جعلی کھادوں و زرعی ادویات کے پولیس و عدالتوں میں زیر التواء مقدمات کی تفصیلات طلب کر لی ہیں اور صوبہ بھر کے تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ آفیسر ز ایگریکلچر و دیگر حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع کے تمام مقدمات کی تفصیلات اور انکی موجودہ پوزیشن کی تحریری رپورٹ انہیں فراہم کریں تاکہ جعلی کھادوں اور زرعی ادویات کی تیار ی و فروخت میں ملوث افراد کو کیفرکردار تک پہنچانے کیلئے مئوثر حکمت عملی مرتب کرنے سمیت انکی حوصلہ شکنی کیلئے تمام ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے ۔

محکمہ زراعت کے ذرائع نے بتایا کہ حکومت کے علم میں یہ بات لائی گئی ہے کہ اکثر اضلاع میں درج کرائے گئے مقدمات میں پولیس نے کوئی پیش رفت نہ کی ہے جبکہ عدالتوں میں بھی کئی مقدمات التواء کا شکار ہیں جس کے باعث جعلسازوں کی حوصلہ افزائی ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کے افسران ، شعبہ پیسٹ وارننگ کے حکام اور زراعت توسیع کے اہلکاران کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ جعلی زرعی ادویات اور کھادوں کے خاتمہ کیلئے حکومتی مہم کو کامیا ب بنانے کیلئے زیادہ سے زیادہ نمونے حاصل کریں اور انکے لیبارٹری ٹیسٹوں سمیت سخت قانونی کاروائی کے دوران کسی قسم کے دبائو کو خاطر میں نہ لایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ تمام افسران پر یہ بھی واضح کر دیا گیا ہے کہ اس ضمن میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :