پاکستان کا چار رکنی وفد واشنگٹن میں عالمی بینک کوکشن گنگا ہائیڈرو پراجیکٹ کے بارے میں اپنے تحفظات سے آگاہ کرے گا،اعزاز چوہدری

اتوار 20 مئی 2018 13:50

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2018ء) پاکستان کے اٹارنی جنرل اشتر اوصاف علی کی قیادت میں چار رکنی وفد واشنگٹن کا دورہ کرے گا جہاں عالمی بینک کوکشن گنگا ہائیڈرو پراجیکٹ کے بارے میں اپنے تحفظات سے آگاہ کرے گا ۔وفد پیر سے بدھ تک ہونے والے اس دورے کے دوران عالمی بینک کے اعلی حکام سے ملاقات کرے گا جس کے دوران انھیں کشن گنگا ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے بارے میں پاکستان کے شدید تحفظات سے آگاہ کرے گا جس کا اس ہفتے تعمیر کے بعد افتتاح ہوا ہے ۔

امریکا میں پاکستان کے سفیر اعزاز احمد چوہدری نے پاکستانی سفارتخانے میں صحافیوں کو بتایا کہ وفد عالمی بینک کے اعلی ترین حکام کے ساتھ مذاکرات کرے گا ۔ پاکستان نے پانی کا تنازعہ حل کیے بغیر کشن گنگا پراجیکٹ کی تعمیر اور افتتاح کو سندھ طاس معاہدے کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

(جاری ہے)

سندھ طاس کا یہ معاہدہ عالمی بینک نی1960 ء میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کروایا تھا جس میں پاکستان اور بھارت میں پانی کی تقسیم کی گئی تھی اور معاہدے کے تحت بھارت پاکستان میں بہنے والے دریائوں پر کسی قسم کا کوئی ہائیڈرو پراجیکٹ تعمیر نہیں کر سکتا ۔

پاکستان کے سفیر نے اس پراجیکٹ کے بارے میں پاکستان کے شدید تحفظات کا اظہار کیا جو کہ اب آپریشنل بھی ہو گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی بینک نے چونکہ سندھ طاس معاہدے پر عمل درآمد کی گارنٹی دی تھی اس لیے اب وہ ہی اس معاملے میں اس طرح مداخلت کرے کہ پاکستان کے تمام تحفظات دور ہوجائیں ۔ بھارت نے 2009 ء میں 330 میگا واٹ کے کشن گنگا پراجیکٹ پر کام شروع کیا تھا جس کے بعد پاکستان یہ مسئلہ عالمی عدالت میں لے گیا اور یہ مسئلہ عالمی بینک کے ساتھ بھی اٹھایا گیا تاہم بھارت نے معاہدے کی خلاف ورزی کی لہذا ب یہ عالمی بینک کی ذمہ داری ہے کہ وہ بین الاقوامی معاہدے کے ضمانتی کے طور پر اپنی ذمہ داری کو پورا کرے ۔

دریں اثناء صحافیوں کے سا تھ ایک اور بالمشافہ ملاقات میں سفیر اعزاز چوہدری نے فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ پا کستان نے ان 60 فلسطینیوں کی شہادت پراسرائیل کی شدید مذمت کی ہے جن کو مقبوضہ بیت ا لمقد س میں امریکی سفارتخانہ کھولنے کے خلاف احتجاج پر فائرنگ کر کے شہید کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے مسلم امہ سے اظہار یکجہتی کے لیے استنبول میں او آئی سی کے سربراہ اجلاس میں شرکت کی ۔ امریکا میں پاکستان کے سفیر نے کہا کہ حکومت پاکستان نے اپنے تمام سفارتخانوں اور ہائی کمیشنز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ بیت المقدس کے مسئلے بارے عوام اور قانون ساز اراکین کو بتائیں ۔