اسلام آباد کے دیہی علاقوں کو شہری علاقوں کے برابر سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے کوششیں جاری ہیں ، ڈپٹی میئر اعظم خان

اتوار 20 مئی 2018 14:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2018ء) اسلام آباد میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے ڈپٹی میئر اعظم خان نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے دیہی علاقوں کو شہری علاقوں کے برابر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے کوششیں جاری ہیں ۔ اتوار کو اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی میئر اعظم خان نے کہا کہ اسلام آباد کے دیہی علاقوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے جن میں سے پہلے مرحلہ میں دیہی علاقوں کو سابق وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے سوئی گیس کی فراہمی کیلئے 25کروڑ روپے کے منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے اور اسی طرح دیہی علاقوں میںگھر گھر تعلیم کی فراہمی کیلئے مختلف علاقوں میں تعلیمی مراکز قائم کئے گئے ہیں جبکہ بعض علاقوں میں تعلیمی مراکز کو اپ گریڈ کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں کے تعلیمی مراکز میں طلباء کی سہولیات کیلئے حکومت نے انہیں بسیں فراہم کی ہیں تاکہ طلباء کو سکول آنے میں دشواری کا سامنا نہ ہو۔ ڈپٹی میئر نے کہا کہ اسلام آباد کے دیہی علاقوں میںسڑکوں کی تعمیر کیلئے مختلف علاقوں میں کام جاری ہے جبکہ بعض علاقوں میں گلیوں کی پختگی کا کام بھی جاری ہے ۔ اعظم خان نے کہا کہ آئندہ چند سالوں میں اسلام آباد کے دیہی علاقوں کو شہری علاقوں کے برابر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے گا ۔ مسلم لیگ ن کی حکومت نے اسلام آباد کے دیہی علاقوں کی عوام کی فلاح و بہبود کیلئے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے تاکہ عوام کامعیار زندگی بلند ہوسکے۔