ایک سبز درخت 1000بی ٹی یو کے برابر کولنگ پیدا کرتا ہے ، ماہرین

سرسبز ماحول کے جدید تصورات اپنا کر کلائیمٹ چینج سے درپیش مسائل کا خاتمہ کرنا ہو گا

اتوار 20 مئی 2018 15:00

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2018ء) ماہرین نے کہاہے کہ ایک سبز درخت 1000بی ٹی یو کے برابر کولنگ پیدا کرتا ہے ،درختوں کی مسلمہ افادیت کے پیش نظر جنگلات کے رقبے میں اضافہ ضروری ہے ،ملک میں جنگلات کے رقبے میں کمی روکنے کے لیے بلند عمارات کے تصور کو اپنانا ہو گا ۔کنزرویٹر فاریسٹ راولپنڈی سائوتھ سرکل ثاقب محمود نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے درختوں کی اہمیت و افادیت مسلمہ ہے ، ایک درخت کے بدلے 10پودے لگا کر ہی توازن برقرار رکھا جا سکتا ہے ،آبادیوں کے پھیلائو کی بجائے ھائی رائز بلڈنگز کا تصور اپنانا وقت کی ضرورت ہے ۔

کنزرویٹر فاریسٹ راولپنڈی سائوتھ سرکل ثاقب محمود نے تیزی سے بڑھتی ماحولیاتی آلودگی کے مسائل پر قابوپانے کے لیے شہریوں پر زور دیا کہ وہ شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں ۔

(جاری ہے)

کنزرویٹر فاریسٹ راولپنڈی سائوتھ سرکل ثاقب محمود نے آفیشل نیوز ایجنسی سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ جنگلات پنجاب درختوں کی افادیت اجاگر کرنے کے سلسلہ میں کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر قدرتی حسن کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی آسودگی کو بھی برقرار رکھا جا سکتا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ملک میں جنگلات میں اضافے کا ٹاسک صرف حکومت پورا نہیں کر سکتی ا س مقصد کے لیے زندگی کے ہر شعبہ سے وابستہ افراد کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا ۔ایک سوال کے جواب میں ثاقب محمود نے کہاکہ مغربی ممالک میں روف ٹاپ باغیچوں کا تصور بھی فروغ پا رہاہے اور کم جگہ پر رہائش کے ساتھ ماحول کو سرسبز رکھنے کے جدید تصورات مقبول ہو رہے ہیں ۔ہمیں بھی پاکستان میں سرسبز ماحول کے جدید تصورات اپنا کر کلائیمٹ چینج سے درپیش مسائل کا خاتمہ کرنا ہو گا ۔

متعلقہ عنوان :