وزیر اعلی پنجاب کا رمضان پیکج صوبہ بھر میںکامیابی سے چل رہا ہے ،عاصم رضا

اتوار 20 مئی 2018 16:20

لاہور۔20 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2018ء) پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنما عاصم رضا، چیئرمین پنجاب لیاقت علی خان ،سابق چیئرمین میاں ریاض اور چوہدری افتخار احمد مٹو نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب کا رمضان پیکج کامیابی سے پورے صوبے میں چل رہا ہے ۔یہ بات انہوں نے گزشتہ روز فلور ملز ایسوسی ایشن کے دفتر میں ہونیوالے اہم اجلاس کے دوران کہی۔

عاصم رضا نے کہاکہ رمضان پیکج پورے صوبے میں کامیابی کے ساتھ جاری ہے اور گرین تھیلا مارکیٹ میں وافر تعداد موجود ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کر تے ہوئے کہا کہ لوکل گرائنڈنگ چاہے ہفتہ دس دن بعد کھول دیں تاہم دیگر صوبوں کو رمضان المبارک کے مہینے میںآٹے کی ترسیل کے عمل کو نہ روکا جائے ،پنجاب گندم پیدا کرنے والاسب سے بڑا صوبہ ہے جو دیگر صوبوں کو سارا سال باقاعدگی کے ساتھ مال فراہم کرتا ہے، لہذا ہمارا وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف سے مطالبہ ہے کہ دیگر صوبوں میں آٹے کی ترسیل کو فوری طور پر بحال کیا جائے جبکہ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن پہلے ہی چیف سیکرٹری ، سیکرٹری فوڈ اورڈائریکٹر فوڈ کو دیگر صوبوں میں آٹے کی ترسیل کی بحالی کیلئے لکھ چکی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت ترجیحی بنیادوںپر فلور ملز مالکان کو دیگر صوبوں کوآٹے کی سپلائی شروع کرنے کی اجازت دے ۔