اشیائے خورونوش کی طلب کے مطابق رسد کو یقینی بنانے پر خصوصی توجہ مرکوز ہے ‘ چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی

اتوار 20 مئی 2018 17:20

لاہور۔20 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2018ء) چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی واضح ہدایات ہیں کہ عوام کا استحصال کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے ، سبزیوں، پھلوں سمیت دیگر اشیائے خوردونوش کی طلب کے مطابق رسد کو یقینی بنانے پر خصوصی توجہ مرکوز ہے اور کسی کو مصنوعی قلت کی آڑ میں من مانے نرخ وصول کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

ان خیالات کا اظہارا نہوںنے رمضان بازاروں اور اوپن مارکیٹوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوںنے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں کمشنر لاہور ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر کی معاونت سے رمضان بازاروں اور اوپن مارکیٹوں میں موجود رہ کر صورتحال سے آگاہی حاصل کی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ساتھ عوام سے بھی آگاہی حاصل کر رہے ہیں اور ان کی تجاویز کی روشنی میں نظام میںمزید بہتری لائی گئی ہے۔

میاں عثمان نے کہا کہ گراں فروشی کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں اور انہیں بلا تفریق قانون کے مطابق شکنجے میں لایا جائے گا ۔ جو تاجرسرکاری نرخوں کے مطابق معیاری اشیاء کی فروخت یقینی بنا رہے ہیں وہ قابل ستائش ہیں اوریہ رمضان المبارک میں عبادت سے کم نہیں ۔انہوںنے کہا کہ اوپن مارکیٹوں میں بھی کریک ڈائون شروع کردیا گیا ہے اور بلا تفریق چیکنگ اور کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔