Live Updates

پی ٹی آئی میں ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر جوتیوں میں دال بٹے گی ‘ عابد شیر علی

عمران خان رہنمائوں کے منہ سے خود کو وزیرا عظم کہلوا کر تسکین حاصل کررہے ہیں توکسی کو کیا اعتراض ہو سکتا ہے‘ وزیر مملکت

اتوار 20 مئی 2018 17:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2018ء) وزیر مملکت برائے توانائی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ عمران خان اور ان کی جماعت کا جاگتی آنکھوں کیساتھ آئندہ حکومت بنانے کے خواب دیکھنا اچھی علامات نہیں ، زمینی حقائق کے مطابق تو عمران خان وزیر اعظم بن نہیں سکتے لیکن اگر وہ رہنمائوں کے منہ سے خود کو وزیرا عظم کہلوا کر تسکین حاصل کررہے ہیں تو کسی کو کیا اعتراض ہو سکتا ہے۔

ایک انٹر ویو میں عابد شیر علی نے کہا کہ پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کاکارکردگی کے میدان میں مسلم لیگ (ن) سے کوئی مقابلہ نہیں اس لئے دونوں جماعتیں سازشوں میں مصروف ہیں۔ انشا اللہ آئندہ عام انتخابات میں خیبر پختوانخواہ اور سندھ میں بھی حکومت بنائیں گے اور پورے ملک میں پنجاب کی طرح ترقی ہو گی ۔

(جاری ہے)

عابد شیر علی نے کہا کہ پی ٹی آئی کی مقبولیت کے مصنوعی غبارے سے جلد ہوا نکلے گی اور وہ وقت دور نہیں جب ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے میں جوتیوں میں دال بٹے گی ۔

انہوںنے کہا کہ پیپلز پارٹی پہلے ہی مقابلے کی دوڑ سے باہر تھی اب خود پی ٹی آئی کے اندر مقابلے کا رجحان ہے اور رہنما ایک دوسرے کو پچھاڑنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اپنے پانچ سالہ دور میں عوامی خدمت کے ریکارڈ قائم کئے ہیں ۔اربوں ، کھربوں کے منصوبے شفافیت کے ساتھ مکمل کئے گئے ہیں اور اسی وجہ سے دنیا کے نامور ادارے موجودہ حکومت کی کارکردگی اور شفافیت کے معترف ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات