معروف کامیڈین ’’ فائزہ سلیم‘‘ہم نیو ز پر شو کریں گی

اتوار 20 مئی 2018 18:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2018ء) تھیٹر سے شہرت پانے والی معروف کامیڈین خاتون فائزہ سلیم نے ٹی وی سے شو کا آغاز کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ فائزہ سلیم کا پروگرام’’کور پیج‘‘نئے متعارف کرائے گئے سیٹیلائٹ ٹیلی ویژن نیوز چینل ہم نیوز سے آن ایئر ہوگا۔ تھیٹرمیں مختلف نقلیں اتار کر اور متعددمزاحیہ ویڈیوز سے شہرت پانے والی فائزہ سلیم نے بہت کم وقت میں شہرت کی ان بلندیوں کو چھو لیا ہے،جسے پانے میں لوگوں کو کافی وقت درکار ہوتا ہے، اس وقت فائزہ سلیم کا شمار صف اول کی خواتین کامیڈینز میں ہوتا ہے۔

انہیں مقامی اور بین الاقوامی میڈیا میں بھی بہت پذیرائی حاصل رہی ہے۔ٹی وی کے لیے ان کا پہلا کارنامہ ٹیلی فلم ’’دلداریاں‘‘تھا ،جبکہ 2018میں بڑی اسکرین کے لیے فلم ’’پرچی‘‘میں معروف کردارسمیرا خانجاوالاادا کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اپنے خیالا ت کا اظہار کرتے ہوئے فائزہ سلیم کا کہنا تھا کہ کامیڈی کرنا میرا شوق ہے، اور مجھے لوگوں کے چہروں پرمسکراہٹ بکھیرنا پسند ہے، اور میں نے بہت سوچ سمجھ کر یہ بیڑا اٹھا یا ہے کہ لوگوں کی زندگیاں دکھوں اور غموں سے بھری پڑی ہیں ایسے میں لوگوں کو ہنساکر ان کے دکھوں کوکم کیا جاسکے۔

فائزہ سلیم کا کہنا تھا کہ یہ میرے لیے پہلا تجربہ ثابت ہوگا ایک نئے میڈیا پر کام کرنے کا ، جس کے لیے میں بہت زیادہ خوف بھی محسوس کررہی ہوں۔شو سے متعلق فائزہ سلیم نے بتایا کہ تیس منٹ کے دورانیئے پر مشتمل پروگرام ’’کورپیچ‘‘ ایک میگزین شو ہے جس میں مختلف سیگمنٹس رکھے گئے ہیں،اس پروگرام میں مجھے مختلف کردار کرنے کا موقع ملے گا۔ میرا شو انٹرٹینمنٹ، اپ ڈیٹس، سلیبریٹیز کے انٹرویوز، میڈیا کے اندر کی کہانیوں سمیت متعدد مصالحہ جات کا مجموعہ ہوگا۔یہ پروگرام ہر ہفتے اور اتوار کی شب 10بجکر 30منٹ پر ہم نیوز سے نشرکیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :