صوبائی حکومت ختم ہو چکی، ڈپٹی سپیکر عہدے پر انتخاب عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے ، سردار حسین بابک

اتوار 20 مئی 2018 18:20

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عملاً ختم ہو چکی ہے اور ایکسپائری ڈیٹ سے ایک ہفتہ قبل ڈپٹی سپیکر کے عہدے پر انتخاب کا اعلان عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے ،اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت اکثریت نہ ہونے کی وجہ سے مقابلہ نہیں کر سکتی اس لئے اپنا امیدوار لانے سے کترا رہی ہے اگر حکومت اپنا امیدوار سامنے لائے تو اسے اپنی عددی حیثیت کا اندازہ ہو جائے گا، انہوں نے کہا کہ حکومت مقابلہ کیلئے میدان میں آئے تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا، انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ اسمبلی کا اعتماد پوری طرح کھو چکے ہیں اور صوبائی حکومت جاتے ہوئے اپنی سیاسی ساکھ بچانے کی ناکام کوششوں میں لگی ہے ،انہوں نے کہا ڈپٹی سپیکر کے حوالے سے اپوزیشن کا کوئی متفقہ فیصلہ نہیں ہوا اور صوبائی حکومت اپنا امیدوار اس لئے سامنے نہیں لا سکتی کیونکہ وہ اسے کامیاب نہیں کراسکتی ، وزیر اعلیٰ اعتماد کھونے کے باوجود کرسی چھوڑنے کو تیار نہیں حالانکہ اخلاقی جرات کا تقاضا یہی تھا کہ وہ خود مستعفی ہو جاتے ۔

متعلقہ عنوان :