خدمت خلق ، مخلوق خدا کی خدمت جس عنوان سے بھی ہو عظیم نعمت اور افضل عبادت ہے‘ذکرا للہ مجاہد

غریب نادار افراد کی داد رسی کر کے ان کے چہروں پر مسکراہٹیں اور خوشی کے آثار پیدا کرنا بڑ ا صدقہ جاریہ ہے ‘تقریب سے خطاب

اتوار مئی 19:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 مئی2018ء) امیر جماعت اسلامی و صدر متحدہ مجلس عمل لاہور ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ خدمت خلق ، مخلوق خدا کی خدمت جس عنوان سے بھی ہو عظیم نعمت بلکہ ایک افضل عبادت بھی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ثریاعظیم (وقف) ہسپتال کے مالی معاونین کے اعزاز میں دیئے گئے ڈنر کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ غریب نادار افراد کی داد رسی کر کے ان کے چہروں پر مسکراہٹیںاور خوشی کے آثار پیدا کرنا بڑا صدقہ جاریہ ہے ۔ قرآن و حدیث میں مخلوق خدا کی خدمت کو بہت عظیم عبادت قرار دیا گیا ہے اور اس کی جو ترغیب دی گئی ہے وہ ترغیب دنیا کے کسی بھی اخلاقی نظام میں اس طرح سے موجود نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دور مادیت میں ہر انسان ذہنی سکون کا متلاشی ہے اگر ہمیں حقیقی معنوں میں سکو ن قلب حاصل کرنا ہے تو حسب توفیق اپنے حصہ کا دیا جلا کر معاشرے میں بسنے والے یتیموں ، مسکینوں ، بے سہارا ، سفید پوش ، حقیقی حق کے طلبگار لوگوں کی امداد کو اپنا نصب العین بنانا ہو گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے زیر اہتمام چلنے والے ہسپتال ، ڈسپنسریاں ، واٹر فلٹر یشن پلانٹس ، سکولز و دیگر ادارے خدمت خلق کی مثال آپ ہیں۔ جماعت اسلامی کے فلاحی اداروں نے مخلوق خدا کی خدمت کا جو بیڑااُٹھا رکھا ہے کسی نعمت سے کم نہیں۔