القدس کی حفاظت کیلئے مسلم امہ اٹھ کھڑی ہو‘ڈاکٹرراغب حسین نعیمی

نہتے فلسطینیوں پر اسرائیل کے انسانیت سوزمظالم افسوسناک اورفکرانگیز ہیں‘ناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ

اتوار 20 مئی 2018 19:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2018ء) جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ وممبراسلامی نظریاتی کونسل پاکستان علامہ ڈاکٹر محمدراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ القدس کی حفاظت کیلئے مسلم امہ اٹھ کھڑی ہو۔نہتے فلسطینیوں پر اسرائیل کے انسانیت سوزمظالم افسوسناک اورفکرانگیزہیں۔عالم اسلام کے حکمران مسلمانوں کے قبلہ اول کی آزادی کے لیے اپنا کردار اد ا کریں۔

بیت المقدس میں امریکی سفارت خانے کا افتتاح امت مسلمہ کی غیرت ایمانی کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے،مسلم حکمرانوںکو چاہئے کہ بیت المقدس میں امریکی سفارت خانے کے قیام کے خلاف متحدہوکر مشترکہ آواز اٹھائیں۔القدس کی آزادی کیلئے ترکی کاکردار قابل تحسین ہے۔ عالمی برادری فلسطینی مسلمانوں کی نسل کشی رکوانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روز جامعہ نعیمیہ میں نعیمین ایسوسی ایشن کے مرکزی صدرپروفیسرظفراقبال نعیمی،مولانا امداد اللہ نعیمی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

مسلم عوام فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم اور درندگی اور بیت المقدس پر امریکی سفارتخانے کی منتقلی کے خلاف سراپا احتجاج ہیں اور مظلوم نہتے فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کرتے ہیں ، قبلہ اول پر اسرائیلی قبضے کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔