Live Updates

تحریک انصاف کو روز بروز نئے نئے چیلنجز کا سامنا ،پارٹی رہنمائوں کے قیادت سے گلے شکوے طول پکڑ نے لگے

دوسری جماعتوں سے آنے والے اراکین کی شمولیت کے بعد پرانے اور دیرینہ کارکن شدید پریشانی کا شکار ہوگئے، دبے الفاظ میں قیادت کے فیصلے کی مخالفت شروع کر دی آنے والے دنوں میں پارٹی رہنمائوں کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آنے کاخدشہ

اتوار 20 مئی 2018 19:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کو روز بروز نئے نئے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور آئے روز پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں کی جانب سے قیادت سے گلے شکوے طول پکڑتے جا رہے ہیں بتایاگیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف میں دوسری جماعتوں سے آنے والے اراکین کی شمولیت کے بعد تحریک انصاف کے پرانے اور دیرینہ کارکن شدید پریشانی کا شکار ہوگئے ہیں اور ان رہنمائوں نے دبے الفاظ میں قیادت کے اس فیصلے کی مخالفت شروع کر دی ہے جس کے باعث تحریک انصاف میں آنے والے دنوں میں رہنمائوں کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آنے کاخدشہ پیدا ہوگیا ہے اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئر مین تحریک انصاف اپنے کئے گئے دعوئوں سے مکرنا شروع ہوگئے ہیں اور عمران خان نے اپنے منشور سے ہٹ کر دوسروں جماعتوں کے وہی کرپٹ افراد کو شامل کرلیا ہے جو اس سے پہلے بھی بدنامی کا باعث بنے ہیں ان رہنمائوں کا کہنا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف نے حکمران جماعت سمیت پیپلزپارٹی ،ق لیگ کے ایسے رہنمائوں کو تحریک انصاف میں شامل کرلیا ہے جن کی شمولیت سے پارٹی پر مزید کیچڑ اچھلنے کا امکان پیدا ہوگیا ہے اورعوامی حلقوں میں ان رہنمائوں کی تحریک انصاف میں شمولیت پر سخت تنقید کی جارہی ہے ان رہنمائوں کا کہنا تھاکہ آئندہ الیکشن کے حوالے سے ٹکٹوں کی تقسیم کے دوران اگر تحریک انصاف کے پرانے اور دیرینہ کارکنوں کو چیئرمین تحریک انصاف نے نظر انداز کرتے ہوئے دوسری جماعتوں سے آنے والے اراکین کو ٹکٹیں دیں تو اس صورت میں پارٹی میں دھڑے بندیاں ہو سکتی ہیں اور تحریک انصاف کے پرانے اور دیرینہ کارکن دلبرداشتہ ہو کر پارٹی بھی چھوڑ سکتے ہیں تحریک انصاف کے ان ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف میں جو لوگ بھی آ رہے ہیں وہ صرف اور صرف اس شرط پر آرہے ہیں کہ ان پارٹی ٹکٹ دیا جائیگا اسی صورتحال میں اگر پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے دیرینہ اور پرانے کارکنوں کو نظر انداز کرتے ہوئے انہیں ٹکٹ دیا تو پھر ہم اپنے حلقوں میں جا کر عوام کو کیا منہ دکھائیں گے ان رہنمائوں کا کہنا تھا کہ اب جبکہ الیکشن نہایت ہی قریب آگئے ہیں تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت کو پارلیمانی بورڈ کا اجلاس جلد از جلدطلب کر کے ٹکٹوں کی تقسیم کا واضح فارمولہ طے کرنا چاہئے تاکہ پارٹی کے اندر پائی جانے والی بے چینی اور تشویش کو ختم کیا جاسکے کیونکہ اس وقت پارٹی کے پرنے اور دیرینہ کارکن سخت تذبذب کا شکار ہیں اور اگر ایسا ہوا تو پھر یہ تحریک انصاف کی انتخابات میں شکست کا واضح پیغام ہوگا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات