عقیدہ ختم نبوت اسلام کے بنیادی عقائد میں شامل ہی: منہاج علماء کونسل

اتوار 20 مئی 2018 19:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مئی2018ء) 30 روزہ دروس عرفان القرآن کے سلسلے میں پی پی 157 کینٹ میں تحریک منہاج القرآن علماء کونسل کے زیر اہتمام عقیدہ ختم نبوت پر منعقدہ درس قرآن دیتے ہوئے علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے کہا کہ موجودہ رخصت ہونے والی بدبخت پارلیمنٹ کے دامن پر عقیدہ ختم نبوت کو بدلنے کی ناپاک حرکت کرنے کا داغ ہے، قرآن و حدیث اور اجماع امت والے اس مسئلہ پر خبث باطن کا اظہار کرنے والے اس دنیا میں بھی اور آخرت میں بھی رسوا ہونگے، رہتی دنیا تک کوئی عقیدہ ختم نبوت کو تبدیل کرنے کی جرأت نہیں کر سکتا، درس عرفان القرآن کے حوالے سے منعقدہ خصوصی تقریب میں منہاج القرآن کے نائب ناظم ا علیٰ کوآرڈینیشن انجینئر رفیق نجم، امیر لاہور حافظ غلام فرید، اشتیاق حنیف مغل، قمر اقبال، طارق خان، محمد افضل، حاجی غلام غوث نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے عقیدہ ختم نبوت کے خلاف ہونے والی سازش کو بے نقاب کیا اور قوم کی توجہ اس اہم مسئلہ کی طرف مبذول کروائی، انہوں نے کہا کہ جو جو شخص اس مذہبی، نظریاتی دہشتگردی میں ملوث ہے وہ اپنے عبرتناک انجام سے نہیں بچ سکے گا، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران جھوٹے اور دروغ گو ہیں، انہوں نے پوری قوم کے سامنے عقیدہ ختم نبوت کے قانون میں تبدیلی کی تحقیقات کیلئے کمیٹی قائم کی تھی جس کی تاحال رپورٹ منظر عام پر نہیں لائے گئی۔

انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن اور اس کے اندرون، بیرون ملک موجود ہزاروں سکالرز اسلام کی بنیادی اساس اور عقیدہ ختم نبوت کے محافظ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک سازش کے تحت نوجوان نسل کو فکری انتشار سے دو چار کیا جارہا ہے اور نوجوانوں کے ذہنوں کو پراگندہ کیا جارہا ہے۔ آج قرآن و سنت کی روشنی میں امت مسلمہ کی رہنمائی بہت بڑی عبادت ہے۔