سرگودھا ریجن میں جاری لگ بھگ 16کروڑ روپے کی سکیموں کے چیک راتوں رات سابقہ تاریخوں میں جاری

اکائونٹ ڈیپارٹمنٹ نے ادائیگیاں روک کر چھان بین شروع کر دی،ذرائع

اتوار مئی 19:10

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 مئی2018ء) وزیر اعظم اور وزیر اعلی خصوصی پیکجز کے تحت سرگودھا سمیت خوشاب، میانوالی اور بھکر میں جاری لگ بھگ 16کروڑ روپے کی سکیموں کے چیک راتوں رات سابقہ تاریخوں میں جاری کر دیئے گئے جس پر اکائونٹ ڈیپارٹمنٹ نے ادائیگیاں روک کر چھان بین شروع کر دی،ذرائع کے مطابق ایکسیئن لوکل گورنمنٹ سرگودھا خرم جو کہ دل کے آپریشن کی وجہ سے چھٹی پر تھے کی جگہ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے ایکسئن لوکل گورنمنٹ فیصل آباد خالد محمود حسینی کو اس سیٹ کا عارضی چار ج دیا، تاہم ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ سرگودھا ڈویژن جو کہ عمرہ کی چھٹی پر ہیں کی غیر موجودگی کی وجہ سے باضابطہ طور پرموصوف چارج نہیں لے سکے مگر اس دوران منظور نظر ٹھیکیداروں سے مبینہ ساز باز کر کے لگ بھگ 16کروڑ روپے کے چیک سابقہ تاریخیں ڈال کر جاری کر دیئے گئے ،جو اکائونٹس دفاتر پہنچے تو معاملات مشکوک ہونے پر حکام نے عارضی طور پر ادائیگیوں کا عمل روک کر چھان بین شروع کر دی دوسری جانب علم ہونے پر ایکسئین خرم نے فوری طور پر واپس آ کر سرگودھا کا چارج سنبھال لیا جبکہ حساس ادارے نے بھی متذکرہ معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔