ْہمارے ٹی وی ڈرامے بھارت سمیت پوری دنیا میں بے حد مقبول،حکومت امداد کی ضرورت ہے، مایا علی

اتوار 20 مئی 2018 19:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مئی2018ء) معروف اداکارہ وماڈل مایا علی نے کہاہے کہ ہمارے ٹی وی ڈرامے بھارت سمیت پوری دنیا میں بے حد مقبول ہیں۔ گزشتہ روز نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے معروف اداکارہ مایا علی نے کہا کہ یہ بات سب کے سوچنے کی ہے کہ ہمارے ٹی وی ڈرامے بھارت سمیت پوری دنیا میں بے حد مقبول ہیں،اس لیے ضروری ہے کہ فلم اور ٹی وی ڈراموں کے شعبوں میں کوپروڈکشن ہو۔

اس سے نئی مارکیٹ کیساتھ فنکار،تکنیکار ایک دوسرے کے تجربے سے بہت کچھ سیکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ سیٹلائٹ کے اس جدید دورمیں ہماری ذمے داریوں کیساتھ مقابلہ بھی سخت ہوچکا ہے،لوگ وہی فلم اور ڈرامہ دیکھیں گے جس کی کہانی اور فنکاروں کی پرفارمنس سے انھیں تفریح ملے۔ اس وقت بے شمار ٹی وی ڈرامہ سیریلز اور سوپ آن ائیر ہیں، ان میں سے چند ایک ہی ہوں گے جو عوام میں مقبول ہیں۔

(جاری ہے)

اچھی پرفارمنس اور مقبولیت کیلئے تعداد نہیں معیارکا ہونا ضروری ہے۔مایا علی نے کہا کہ فنکارہ کی حیثیت سے میری پہلی ترجیح معیار ہی ہے اسی لیے صرف منتخب پراجیکٹ ہی کر رہی ہوں۔ ٹی وی ڈراموں کے ساتھ فلمی سرگرمیوں کی بحالی پر بھی بے حد خوشی ہے، پردہ اسکرین کی اپنی ایک دنیا ہے۔اس دنیا کا حصہ بننا ہرماڈل اور فنکار کا خواب ہوتا ہے، ماضی میں اگر دیکھیں توشاید ایسا ممکن نہیں تھا، مگر اب حالات بہت بدل چکے ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ نوجوان فلم میکر نے ویران انڈسٹری کے جسم میں روح پھونک دی ہے۔ ان کی یہ کاوش کے ثمرات نظر آنے شروع ہوگئے ہیں۔ اب ہمیں اپنی اگلی منزل کی جانب نظرجمانی ہے، جو کہ انٹرنیشنل مارکیٹ ہے۔ اس کے لیے سب سے ضروری کو پروڈکشن ہے۔ اس سلسلہ میں حکومت کوبھی پاکستانی فلم کی سپورٹ کرنا ہوگی۔

متعلقہ عنوان :