روس؛ چرچ پر حملہ،4حملہ آورں سمیت 7 افراد ہلاک

اتوار 20 مئی 2018 19:20

ماسکو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مئی2018ء) چیچینا کے ایک آرتھوڈوکس چرچ پر ہونے والے حملے کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک ہوگئے،ہلاک ہونیوالوں میں ایک شہری، 2 پولیس اہلکار اور 4 حملہ آور شامل ہیں۔روسی حکام کے مطابق حملے میں چرچ کی سیکیورٹی پر مامور 2 پولیس اہلکار اور ایک شہری کے ہلاک ہونے کی اطلاع تھی۔4 حملہ آوروں کو ایک آپریشن کے دوران ہلاک کیا گیا اور اس کارروائی میں 2 پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے۔

رپورٹس کے مطابق حملہ آوروں کے قبضے سے آتشی اسلحہ اور چاقو برآمد کیے گئے اور ساتھ ہی دعویٰ کیا گیا کہ پولیس کی بروقت کارروائی کیوجہ سے چرچ بڑے جانی نقصان سے محفوظ رہا۔مغربی ممالک کے احکامات پر حملہ آور چرچ میں لوگوں کو مغوی بنانا چاہتے تھے،مذکورہ علاقے میں علیحدگی پسند گزشتہ 20 سال سے روسی فورسز کیخلاف کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ 1994 سے 1996 تک جاری رہنے والے تنازعے کے باعث علاقے میں شدید کشیدگی پائی جاتی ہے۔جون 2015 کو مذکورہ علاقے میں موجود علیحدگی پسند گروہوں نے شام اور عراق میں لڑنے والی تنظیم داعش سے اتحاد کرلیا تھا۔چرچ پر ہونے والا حالیہ حملہ ایسے موقع پر کیا گیا جب روس آئندہ ماہ میں فٹ بال ورلڈ کپ کا انعقاد کرنے جارہا ہے۔چیچنیا کا صوبائی دارالحکومت گروزنی ورلڈ کپ کے کسی بھی میچ کی میزبانی نہیں کررہا لیکن مصر کی ٹیم اس علاقے کو ٹریننگ کیمپ کے طور پر استعمال کرنے کا ادارہ رکھتی ہے۔

ماسکو کے حمایت یافتہ مقامی چیچین رہنما رمضان کا کہنا تھا کہ مسلح افراد نے وسطی گروزنی میں آرکنگل مائیکل چرچ پر حملہ کیا۔مذکورہ آپریشن ان کی نگرانی میں کیا گیا جس میں تمام حملہ آور ہلاک ہوگئے۔واقعے میں 2 پولیس اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوئے جبکہ چرچ کا ایک خدمت گار ہلاک اور ایک زخمی ہوا۔