شہریوں کو شدید گرم موسم میں دستیاب پانی کی فراہمی اور منصفانہ تقسیم ممکن بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیئے جارہے ہیں ، ایم ڈی واٹربورڈ

اتوار 20 مئی 2018 19:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2018ء) واٹربورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر خالد محمود شیخ نے کہا ہے کہ واٹربورڈ شہریوں کو شدید گرم موسم میں دستیاب پانی کی فراہمی اور منصفانہ تقسیم ممکن بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہا ہے ، تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ،جبکہ واٹربورڈ کے انجینئرز ، افسران اور عملہ دن رات شہریوں کی خدمت میں مصروف ہیں ، شدید ترین گرمی میں بھی واٹربورڈ کے محنت کش شہریوں کے فراہمی ونکاسی آب سے متعلق شکایات کا خاتمہ کرنے کیلئے متحرک ہیں ،شہریوں کی نکاسی آب و فراہمی آب سے متعلق شکایات کا خاتمہ ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے ، فرائض سے غفلت برتنے والے افسران اور عملے کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی،موسم میں بڑھتی حدت،پانی کی طلب میں اضافے اور شہریوں کو اس دوران پانی کی فراہمی ممکن بنانے سے متعلق ایم ڈی سیکریٹریٹ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈی واٹربورڈ نے کہا کہ واٹربورڈ کو شہر کی طلب سے کہیں کم پانی دستیاب ہے اس پانی کو سیکڑوں کلو میٹر کے فاصلے سے کراچی لانا اور ملک کے سب سے بڑے شہر و تجارتی حب کے شہریوں میں منصفانہ طور پر تقسیم کرنا طویل اور دقت طلب عمل ہے ، شہر کو اضافی پانی کی فراہمی کیلئے واٹربورڈ سندھ حکومت کے تعاون سے مختلف منصوبوں پر کام کررہاہے،ان منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل کیلئے تمام تر ممکنہ اقدامات کئے جارہے ہیں،انہوں نے کہا کہ واٹربورڈ کا کمپلینٹ سینٹرتین شفٹوں میں کام کررہا ہے جبکہ آن لائن ٹینکرز سینٹر بھی روزانہ سیکڑوں شہریوں کو گھر بیٹھے ٹینکروں کے ذریعے پانی فراہم کرنے کا فریضہ ادا کررہا ہے،شہریوں کی بڑی تعداد ان سہولت سینٹروں سے مستفید ہورہی ہے ، ایم ڈی واٹربورڈ نے افسران اورانجینئرز کو ہدایت کی کہ گرمی کی موجودہ لہر کے دوران شہریوں کی خدمت خصوصاً شہر کے تمام علاقوں میں پانی کی فراہمی منصفانہ بنانے کیلئے کمربستہ ہوجائیں، دن رات پمپنگ اسٹیشن اور دیگر تنصیبات پر فراہمی آب کے جاری نظام پر کڑی نگاہ رکھی جائے ، انہوںنے کہا کہ ہیٹ ویو کے دوران شہریوں کو ٹینکروں کے ذریعے پانی کی فراہمی فوری اور ممکن بنانے کیلئے اقدامات کیئے جائیں ،شہریوں کی نکاسی آب و فراہمی آب سے متعلق شکایات کا خاتمہ ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے ، فرائض سے غفلت برتنے والے افسران اور عملے کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔