دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خلاف قومی بیانیہ کو عوامی آواز بنانا ہوگا،حافظ محمد طاہر محمود اشرفی

اتوار 20 مئی 2018 20:10

لاہور۔20 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2018ء) پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ ملکی اور عالمی حالات کا تقاضا ہے کہ قومی قیادت تعصبات سے بالا تر ہو کر ملکی استحکام کا سوچے ، بھارت ، امریکہ ، اسرائیل، پاکستان اور عالم اسلام کے خلاف منصوبہ بندی کر چکے ہیں، پاکستان کو شام ، عراق بنانے کے منصوبے کو ناکام بنانے کیلئے متحدہونا ہو گا، پاک فوج کے خلاف مہم کا مقصد پاکستان کی سلامتی اور استحکام کو کمزور کرنا ہے ، دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خلاف قومی بیانیہ کو عوامی آواز بنانا ہوگا۔

وہ اتوار کے روزپاکستان علماء کونسل لاہور کے ذمہ داران سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر مولانا محمد اشفاق پتافی ، مولانا قاری عبد الحکیم اطہر ، مولانا زبیر زاہد، قاری شمس الحق ، قاری مبشر رحیمی ، مولانا اسلام الدین ، مولانا محمد اسلم قادری ، مولانا عبد القیوم فاروقی ، قاری خبیب ، قاری تنویر ، قاری محمد یونس اور دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان کیلئے داخلی اور خارجی سطح پر خطرات پیدا کرنے کا مقصد پاکستان کو ایٹمی قوت سے محروم کرنا ہے ، سیاسی اور مذہبی قیادت کو ہر سطح پر غور و فکر کرنا ہو گا ، انہوں نے کہا کہ ایک مرتبہ پھر ملک میں فرقہ وارانہ تشدد پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے ، کوئٹہ میں علماء اور ہزارہ برادری کے افراد کا قتل ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت کیا جا رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں بیٹھی پاکستان دشمن قوتوں کو بھارت ، اسرائیل اور امریکہ کی امداد حاصل ہے ، افغانستان کے امن کیلئے پاکستان نے ہر سطح پر کردار ادا کیا ہے لیکن افسوس کہ افغان حکومت اور خفیہ اداروں کی بھارت نوازی کی وجہ سے پاکستان میں عدم استحکام لانے کی سازشیں کی جا رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ ریاستی سطح پر دہشت گردی اور انتہاء پسندی کی مذمت کی ہے کسی بھی قسم کی دہشت گردی سے پاکستان کی ریاست کا کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل انتہاء پسندی ، دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ۔ رمضان المبارک میں ملک بھر میں تحفظ ارض الحرمین الشریفین والاقصیٰ کانفرنسوں کا انعقاد ملک میں وحدت ، اتحاد اور مسلم امة کے مسائل میں رہنمائی فراہم کریں گی۔انہوں نے اعلان کیا کہ 10 جون کو ناصر باغ لاہور میں تحفظ ارض الحرمین الشریفین والاقصیٰ کانفرنس ہو گی۔