حکومت پنجاب اور پاکستان ائیر فورس کے درمیان تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال فورٹ منرو کے بارے میں معاہدہ طے پا گیا

ٹی ایچ کیو ہسپتال فورٹ منرو کے قیام سے مقامی شہریوں اور سیاحوں کو صحت کی معیاری سہولتیں میسر آئیں گی ،وزیراعلیٰ پنجاب پاکستان ایئرفورس صرف سرحدوں کا دفاع ہی نہیں کر رہی بلکہ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں عوام کی خدمت کر رہی ہے،سربراہ پاک فضائیہ مجاہد انورخان

اتوار 20 مئی 2018 20:10

ْ لاہور۔20 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2018ء) پرائمری و سکینڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب اور پاکستان ائیر فورس کے درمیان فورٹ منرو کے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے انتظامی امور پی اے ایف کے سپرد کرنے کے حوالے سے معاہدے پر دستخط ہوئے۔معاہدے پر صوبائی سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ علی جان خان اور ڈپٹی چیف آف ایئر سٹاف سپورٹ ایئروائس مارشل عامر مسعود نے دستخط کئے۔

ماڈل ٹائون میں منعقد ہونے والی اس تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور چیف آف ایئرسٹاف ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان بھی موجود تھے۔ اس موقع پر بتا یا گیا کہ فورٹ منرو میں 40 بیڈ کا ہسپتال 15 کروڑ 75 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کیاگیا۔ 20 کنال سے زائد اراضی پر قائم اس ہسپتال میں پی سی ون کے مطابق تمام ضروری طبی آلات کی فراہمی کا عمل مکمل ہوچکا ہے ۔

(جاری ہے)

تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال فورٹ منرو کو تکمیل کے بعد انتظامی معاملات اور طبی سہولتوں کی فراہمی کے امور کیلئے پاکستان ایئر فورس کو منتقل کیا جا رہا ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان ایئر فورس اور سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے درمیان 18 مارچ کو ایک ایم او یو سائن کیاجاچکا ہے جس کے تحت فورٹ منرو میں 100 ایکڑ اراضی پر پاکستان ایئر فورس کیڈٹ کالج قائم کرے گی اور اس کے لئے حکومت پنجاب ایک ارب روپے فراہم کرے گی ۔

اسی طرح پاکستان ایئر فورس اور پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کے درمیان ٹی ایچ کیو کیلئے مجوزہ منصوبہ پیش کیاگیاہے جس کے تحت پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ ٹی ایچ کیو ہسپتال کو پاکستان ایئر فورس کے سپرد کرے گا ۔پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ رواں مالی سال میں ساڑھے سترہ کروڑ روپے فراہم کرے گا۔وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈیرہ غازی خان کے صحت افزا مقام فورٹ منرو میں ٹی ایچ کیو کا قیام اور اس کے انتظامی امور پی اے ایف کے سپرد کرنے کے بارے میں ایم او یو تاریخی اقدام ہے ۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے پاکستان ائیر فورس حکام اور پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ کو معاہدے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ٹی ایچ کیو ہسپتال فورٹ منرو کے قیام سے نہ صرف مقامی طور پر لاکھوں شہریوں کو صحت کی معیاری سہولتیں میسر آئیں گی بلکہ سیاحوں کو بھی علاج معالجے کی سہولت میسر ہوگی۔ حکومت عوام کوصحت کی معیاری سہولتیں فراہم کرنے کیلے انسنریٹر، سی ٹی سکین مشین،پیتھالو جی لیبز، نئے بلاکس کی تعمیر اور تعمیر نو منصوبے مکمل کر رہی ہے۔

پنجاب میں صحت کا کلچر تبدیل ہو چکا ہے، اب ہسپتالوں میں24گھنٹے سی ٹی سکین ٹیسٹ کی مفت سہولت میسر ہے اور صوبے کے تمام ہسپتالوں میں میڈیکل ٹیسٹ کی فیس ختم کر دی گئی ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ڈی جی خان سمیت پورے جنوبی پنجاب میںنئے ہسپتال ، سکول، کالج ، یونیورسٹیاں اور سڑکیں بنائی گئی ہیں۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے جنوبی پنجاب کی عوام کی خدمت اور فلاح و بہبود کیلئے قابل تقلید اقدامات اٹھائے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ فورٹ منرو میں کیڈٹ کالج کے قیام، ٹی ایچ کیو ہسپتال اور دیگر سہولتوںکی فراہمی سے نہ صرف مقامی آبادی کو سہولت میسر ہو گی بلکہ سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔ معاہدے پر دستخطوں کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان ایئرفورس حکومت پنجاب کے ساتھ عوامی فلاح وبہبود کے متعدد شعبوں میں اشتراک کار کر رہی ہے۔

ایئرفورس نے سیلاب کی مشکل گھڑی میں عوام کی مدد اور بچائو کیلئے حکومت پنجاب کو قابل قدر معاونت فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یو این ڈی پی کی رپورٹ میں پنجاب کو تعلیم ، صحت سمیت دیگر شعبوں میں بہتر صوبہ قرار دینا ہمارے لئے لمحہ تشکر ہے۔ ہم عوام کی فلاح وبہبود اور خدمت کیلئے مل جل کر کام کرنے پر یقین رکھتے ہیں اور دیگر صوبو ںکو بھی تعلیم اور صحت میں ترقی کرتے دیکھنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے رجب طیب اردوان ہسپتال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ترکی نے مشکل وقت میں ہماری مدد کی۔ ہم اپنے خیرخواہوں اور دوستوں کو کبھی نہیں بھولتے۔ چیف آف ایئرسٹاف ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فورٹ منرو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کی انتظامی ذمہ داری پاکستان ایئرفورس کیلئے ایک اعزاز ہے۔ اعتماد کا یہ درجہ دینے پر حکومت پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

ایئرمارشل مجاہد انور خان نے کہا کہ پاکستان ایئرفورس صرف سرحدوں کا دفاع ہی نہیں کر رہی بلکہ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں عوام کی خدمت کر رہی ہے۔ ڈیرہ غازی خان اور دور دراز علاقوں کے لوگوں کیلئے صحت کی سہولتو ںکی فراہمی کیلئے ایئرفورس کی انتظامی ذمہ داری کو اعزاز سمجھتے ہیں اور عوام کی خدمت میں کوئی کسراٹھا نہیں رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صحت سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی میں عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس خان لغاری، صوبائی وزراء ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر، چیف سیکرٹری اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔