وزیراعظم شاہد خاقان کی سبیکا کے گھرآمد، والد سے اظہارتعزیت

سبیکا پاکستان کی ہونہار طالبہ تھی،افسوسناک موت پرپوری قوم سوگوار ہے،انتہا پسندانہ رجحانات کسی ایک ملک یا خطےکا نہیں بلکہ بین الاقوامی مسئلہ ہے۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 20 مئی 2018 20:24

وزیراعظم شاہد خاقان کی سبیکا کے گھرآمد، والد سے اظہارتعزیت
کراچی(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 مئی 2018ء) : وزیراعظم شاہد خاقان عباسی امریکی اسکول میں فائرنگ سے جاں بحق طالبہ سبیکا کے گھرگلشن اقبال پہنچ گئے، وزیراعظم نے سبیکا کے والد سے ملاقات کی اوراظہار تعزیت کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سبیکا کے والد سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ سبیکا پاکستان کی ہونہار طالبہ تھی۔

پوری قوم سبیکا کی افسوس ناک موت پر سوگوار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے رجحانات پرقابو پانے کیلئے ان کے اسباب کے تدارک کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتہا پسندانہ رجحانات کسی ایک ملک یا خطے کا نہیں بلکہ بین الاقوامی مسئلہ ہے۔ بین الاقوامی سطح پرایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے کی بھی ضرورت ہے۔ اس موقع پروزیراعظم کے ہمراہ گورنر سندھ محمد زبیر بھی تھے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر سانتافی کے ہائی اسکول میں فائرنگ کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ۔ امریکی میڈیا کے مطابق فائرنگ سے ایک پولیس افسر بھی زخمی جبکہ حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ حملہ آور ممکنہ طور پر اسکول کا طالب علم ہے جس نے کلاس میں گھس کر فائرنگ کردی۔ سنتافی کے شیرف ایڈ گنزالیز کے مطابق حملہ آور کے علاوہ ایک اور شخص کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مرنے والوں میں زیادہ تر طالب علم ہیں۔ پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ بھی اسی فائرنگ کی زد میں آ کر جاں بحق ہو گئیں۔ دوسری جانب سبیکا شیخ کی ایک ویڈیو پیغام سامنے آیا ہے جس میں سبیکا شیخ کا کہنا تھا کہ میں پڑھائی میں مصروف تھی جب میرے والد نے مجھے اپنے کمرے میں بلایا۔تو میں بہت حیران ہوئی کہ وہ مجھے اپنے کمرے میں کیوں بلا رہے ہیں۔

جب میرے والدین نے مجھے ’یس‘ پروگرام میں سلیکشن کے لیٹر کے بارے میں بتایا تو مجھےیقین نہیں آیا۔جس کے بعد میرے والد نے مجھے اپنی میل چیک کرنے کو کہا۔ میں نے اللہ کا بہت شکر ادا کیا اور خوشی سے اپنے کمرے میں خوشی سے چھلانگیں لگائیں۔اور یہ میری زندگی کا سب سے خوبصورت لمحہ تھا،سبیکا شیخ ویڈیو میں بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے کے لیے بہت پرجوش نظر آ رہی تھیں۔ان کا کہنا تھا مجھے اگست کا بے چینی سے انتظار ہے میں امریکا پڑھنے جانے کے لئے بہت زیادہ پرجوش ہوں۔ سبیکا شیخ کا کہنا تھا کہ میں نے اگلے دن اسکول جا کر اپنی ساتھی دوستوں کو بھی بتایا کہ میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے امریکہ جا رہی ہوں۔