سکھر،علامہ راشد محمود سومرو کا وفاقی حکومت کی جانب سے فاٹا کو کے پی کے میں ضم کرنے کے فیصلے کی مذمت

جے یو آئی حکومت سے علحیدگی اور ن لیگ سے اتحاد ختم کرنے کیلئے مشاورت کر رہی ہے،سیکرٹری جنرل جے یوآئی سندھ

اتوار مئی 20:50

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 مئی2018ء) جمعیت علماء اسلام صوبہ سندھ کے جنرل سیکریٹری اور ایم ایم اے کے صوبائی صدر علامہ راشد محمود سومرو نے وفاقی حکومت کی جانب سے فاٹا کو کے پی کے میں ضم کرنے کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جے یو آئی حکومت سے علحیدگی اور ن لیگ سے اتحاد ختم کرنے کیلئے مشاورت کر رہی ہے سکھر میں جے یو آئی کے صوبائی ایڈیشنل انفارمیشن سیکریٹری مولانا عبدالحق مہر کی جانب سے جاری کردی بیان میں ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی رہنمائوں مولانا سید سراج احمد امروٹی ، مولانا محمد رمضان پھلپوٹو ، مفتی سعود افضل ہالیجوی ، حافظ سراج احمد چنہ ، مولانا عبدالحق مہر و دیگر رہنمائوں سے گفتگو کے دوران کیا ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے فاٹا کے مسئلے پر جے یو آئی کو دھوکہ دیا جس پر ہمیں افسوس ہے جمعیت علماء اسلام ن لیگ کی اتحادی تھی ن لیگ کی حکومت نے جے یو آئی کے قائد مولانا فضل الرحمن کو یقین دہانی کرائی تھی کے وہ ان کو اعتماد میں لئے بغیر کوئی فیصلہ نہیں کریگی لیکن حکومت نے وعدہ انحرافی کرتے ہوئے مخالفین کو خوش اور اتحادیوں سے دغا کی ہے جو ن لیگ کیلئے خسارے کا سودا ثابت ہوگا علامہ راشد محمود سومرو کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے کے پی کے اور بلوچستان میں حکومت سازی کے موقع پر جمعیت علماء اسلام کو نظر انداز کر کے جو غلطی کی تھی جس کا ان کو خمیازہ بھگتنا پڑا ، فاٹا کے مسئلے پر بھی ن لیگ نے وہی غلطی دہرائی ہے جو کہ ن لیگ کی سیاست کیلئے تباہ کن ہوگی ، انہوں نے مزید کہا کہ جو غیر ملکی ایجنڈا پی ٹی آئی لیکر آئی تھی اب ن لیگ بھی اسی ایجنڈے پر عمل پیرا نظر آتی ہے قومی اسمبلی میں جنس کی تبدیلی کا بل اور فاٹا انضمام اس کا ثبوت ہے انہوں نے کہا بیرونی ایجنڈے پر پی پی ، پی ٹی آئی اور ن لیگ ایک ہو گئی ہے لیکن پاکستانی قوم بیرونی ایجنڈے ، امریکی و مغربی خواہشات پر چلنے والی سیاسی جماعتوں کو یکجا مسترد کر دینگے انہوں نے کہا کہ عمران خان کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے نئے لوگ پی ٹی آئی میں شامل ہو رہے ہیں تو پرانے نکل رہے ہیں ان کی ایک ٹیم ناکارہ نکلی دوسری بھی ناکارہ ہی نکلے گی ایم ایم اے کے جلسوں کو دیکھ کر لوگ جلسوں کو بھول جائینگے ایم ایم اے کے مقابلے میں مردہ گھوڑوں میں جان ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے مگر اب یہ کھیل نہیں چلنے دیا جائیگا ۔

#