چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی کا ٹائون شپ ماڈل بازار،اوپن مارکیٹوں کا دورہ

اتوار 20 مئی 2018 20:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مئی2018ء) چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان نے ٹائون شپ ماڈل بازار اور اوپن مارکیٹوں کا اچانک دورہ کیا ، گراں فروشی پر دو دکانداروں کیخلاف ایف آئی آر کا اندراج ،پانچ کو بھاری جرمانے جبکہ ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے او ر غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے والوں کی سرزنش کی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان نے انتظامیہ کے افسران کے ہمراہ ٹائون شپ میں قائم ماڈل رمضان بازار اور اوپن مارکیٹوں کا اچانک دورہ کر کے سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق فروخت اور معیار کا جائزہ لیا ۔

ماڈل بازار اور اوپن مارکیٹ میں بعض دکانداروں کی جانب سے پھلوں کے معیار کے برعکس اور اضافی قیمتوں کی وصولی ثابت ہونے پر سخت سر زنش کرتے ہوئے اضافی وصول کی گئی رقم صارفین کو واپس دلوا دی ۔

(جاری ہے)

چیئرمین پی سی سی نے گراں فروشی پر دو دکانداروں کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج جبکہ پانچ کو بھاری جرمانے کئے ۔ اس موقع پر ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے اورغیر معیاری اشیاء فروخت کرنے والوں کی سرزنش کی گئی اور تین مقامات سے ناقص اشیاء قبضے میں لے کر تلف کرا دی گئیں۔

اس طرح کے اقدامات سے چیک اینڈ بیلنس کے ساتھ ساتھ صارفین کو بھی تحفظ کا احساس ہوتا ہے ۔ قبل ازیں رمضان بازاروں اور اوپن مارکیٹوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا چیئرمین پی سی سی میاں عثمان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی واضح ہدایات ہیں کہ عوام کا استحصال کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے ۔ سبزیوں، پھلوں سمیت دیگر اشیائے خوردونوش کی طلب کے مطابق رسد کو یقینی بنانے پر خصوصی توجہ مرکوز ہے اور کسی کو مصنوعی قلت کی آڑ میں من مانے نرخ وصول کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

انہوںنے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں کمشنر لاہور ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر کی معاونت سے رمضان بازاروں اور اوپن مارکیٹوں میں موجود رہ کر صورتحال سے آگاہی حاصل کی جارہی ہے ۔میاں عثمان نے کہا کہ گراں فروشی کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں اور انہیں بلا تفریق قانون کے مطابق شکنجے میں لایا جائے گا ۔ جو تاجرسرکاری نرخوں کے مطابق معیاری اشیاء کی فروخت یقینی بنا رہے ہیں وہ قابل ستائش ہیں اوریہ رمضان المبارک میں عبادت سے کم نہیں ۔انہوںنے کہا کہ اوپن مارکیٹوں میں بھی کریک ڈائون شروع کردیا گیا ہے اور بلا تفریق چیکنگ اور کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔