ڈپٹی کمشنر کا علی الصبح سبزی و فروٹ منڈی ، رمضان بازاروں کا دورہ

اتوار 20 مئی 2018 21:30

ملتان۔ 20مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2018ء) ڈپٹی کمشنر ملتان زاہد سہیل نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران ضلعی انتظامیہ سبزی منڈی سے رمضان بازاروں تک اشیائے خوردونوش کی ترسیل پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے تاکہ عام مارکیٹ اور رمضان بازاروں میں تمام پھل و سبزیاں ہول سیل ریٹ پر دستیاب ہوسکیں ۔انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں ریکارڈ تعداد میںچینی ، آٹا، دالیں اور بیسن سمیت دیگر اشیاء ضروریہ فروخت ہورہی ہیں جو کہ عام آدمی کا رمضان بازاروں کی افادیت پر اعتماد کا اظہار ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز علی الصبح سبزی و فروٹ منڈی اور بعدا زاں مختلف رمضان بازاروں کا دورہ کرتے ہوئے شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی مبشرالرحمن اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر زرعی مارکیٹنگ آصف رضا بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر زاہد سہیل نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف جہاد شروع کررکھا ہے روزانہ کی بنیادپر چھاپے مارکر گودام اور مکانات کو سیل کیاجا رہا ہے تاکہ مارکیٹ میں طلب اور رسد کا نظام متوازن رہے اور مصنوعی قلت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کو اعلیٰ معیار کی اشیاء خوردونوش فراہم کرنے کیلئے تمام بازاروں میں ایگری کلچر فیئر پرائس شاپس قائم کی گئیں ہیں جہاں کھجور ، بیسن ، چنا ، دالوں اور پھلوں پر خصوصی سبسڈی فراہم کی گئی ہے تاکہ غریب عوام کا بجٹ متاثر نہ ہو ۔ زاہد سہیل نے کہا کہ تاجر برادری جائز منافع کی شرح مقرر کرتے ہوئے عوام کو ریلیف دے ۔ضلعی انتظامیہ ان کے کاروبار کو متاثر کر نا نہیں چاہتی تاہم عوام کا مفاد سب سے اہم ہے ۔