Live Updates

پیپلز پارٹی نے عمران خان کے 100 دن کے پروگرام کو خالی خواہشات قرار دیدیا

نوازشریف اور عمران ایسے لیڈر ہیں جنہیں صرف اقتدار سے مطلب ہے ‘پیپلزپارٹی کی مرکزی رہنما نفیسہ شاہ

اتوار 20 مئی 2018 22:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2018ء) پیپلز پارٹی نے عمران خان کے 100 دن کے پروگرام کو خالی خواہشات قرار دیتے ہوئے کہاکہ پی ٹی آئی کا سو دن کا پلان کو ایک خواہشات کی فہرست کے سوا کچھ کچھ نہیں،یہ سو دن کا پلان بھی، گزشتہ انتخابات کے نوے دن کے پلان جیسا ہی معلوم ہوتا ہے۔ پیپلزپارٹی کی مرکزی رہنما نفیسہ شاہ نے کہاکہ پانچ سال قبل عمران خان نے نوے دن میں سب تبدیل کرنے کا وعدہ کیا تھا،عمران خان نے ایوان وزیر اعلی اور گورنر ہاوس کو لائبریریوں میں تبدیل کرنے کا عزم کیا تھا،صحت، تعلیم اور انصاف کے شعبے میں کرپشن ختم کرنے کے وعدے کا کیا ہوا ۔

انہوںنے کہاکہ کے پی کے میں نئی یونیورسٹی اور نئے ہسپتال کاوجود دکھائی نہیں دیتا، بی آر ٹی ، جو کہ اب ایک سکینڈل بن چکا ہے، میٹرو بنانے کیلئے پشاور جیسے تاریخی شہر کو تباہ کر دیا گیا،پچاس ارب روپے کا پراجیکٹ 80 ارب چلے جانا کرپش اور ناقص منصوبہ بندی کی بدترین مثال ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ چیف جسٹس نے خود کہا کہ خیبرپختونخواہ میں ترقی کے دعوے بہت لیکن ترقی نہیں،وزیراعلی خیبرپختونخواہ چیف جسٹس کے سوالات کے جواب نہ دے سکے۔

انہوںنے کہاکہ اس وقت پاکستان کے دو لیڈرز ایسے ہیں جنہیں صرف اقتدار سے مطلب ہے ، نوازشریف ہیں جو خلائی مخلوق سے لڑنے کے خواہش مند ہیںاوردوسرے عمران خان ہیں جن کے پاس صرف دعوے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان سمجھتے ہیں ان کے پاس جادو کی چھڑی ہے،عمران خان جادو کہ چھڑی سے دودھ اور شہد کی ندیاں بہانے کے دعوے کر رہے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات