الیکشن کرپشن زدہ یا کرپشن سے پاک پاکستان کا فیصلہ کریں گے، راجہ راشد حفیظ

قانون، آئین ، انصاف اور میرٹ کی بالادستی کے کھوکھلے نعرے لگانے والوں کو اصل تبدیلی ہم لا کر دکھائیں گے جو کے پی کے میں لائی جا چکی ہے، وفود سے بات چیت

اتوار مئی 22:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی اور سابق امیدوار برائے سپیکر راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ جولائی 2018 ء کے الیکشن کرپشن زدہ یا کرپشن سے پاک پاکستان کا فیصلہ کریں گے اور خیبر سے کراچی تک عوام نے کرپشن کے خلاف ایکا کر لیا ہے ․ پاکستان تحریک انصاف نے جس طرح خیبر پختونخواہ میں پولیس ، محکمہ مال اور دیگر محکموں کو سیاسی اثر و رسوخ سے پاک کرکے ان کو صحیح معنوں میں عوامی خدمت کے ادارے بنادیا ہے بالکل اسی طرح الیکشن جیتنے کے بعد وفاق اور چاروں صوبوں کے ماتحت اداروں میں بھی اصلاح لاکر عوام کے بنیادی مسائل حل کئے جائیں گے ․ قانون، آئین ، انصاف اور میرٹ کی بالادستی کے کھوکھلے نعرے لگانے والوں کو اصل تبدیلی ہم لا کر دکھائیں گے جو کے پی کے میں لائی جا چکی ہے ․ انہو ںنے ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے پبلک سیکریٹریٹ سید پور روڈ میں اپنے حلقہ انتخاب سے تعلق رکھنے والے عوامی وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ․ انہوں نے کہا کہ ممبئی حملوں کے حوالے سے نواز شریف نے پاکستان مخالف بیان دے کر اپنی رہی سہی ساکھ بھی ختم کر لی ہے اور عوام اچھی طرح جان چکے ہیں کہ وہ صادق و امین نہ ہونے کے ساتھ ساتھ کرپٹ اور پاکستان اور پاکستان کے عوام کے وفادار بھی نہیں ہیں ․ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اپنے اقتدار کے آخری چند دن گزار رہی ہے اور اس کے بعد اسے حزب اختلاف میں بھی شائد ہی کوئی کردار مل سکے ․ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ ن لیگ نے سوائے میگا ترقیاتی پراجیکٹس کے عوام کو درپیش اصل مسائل کے حل کیلئے کوئی کام نہیں کیا کیونکہ میگا ترقیاتی منصوبوں کی طرح اصل مسائل کے حل سے کوئی کمیشن وصول نہیں ہونا تھا ․