رمضان المبارک،ضلعی انتظامیہ کی چھٹیوں کے دوران بھی گرانفروشوں کے خلاف بھرپور کاروائیاں۔ 109 گرانفروش گرفتار

اتوار 20 مئی 2018 23:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مئی2018ء) ضلعی انتظامیہ نے رمضان المبارک میں چھٹیوں کے دوران گرانفروشوں کے خلاف کاروائیاں کر تے ہوئے 109 افراد کو گرفتار کر لیا۔ ڈپٹی کمشنر پشاورڈاکٹر عمران حامد شیخ کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شاہد علی خان نے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عرفان علی کے ہمراہ چارسدہ روڈ اور پشتخرہ کے علاقوں سے 28 گرانفروشوں کو گرفتار کیا۔

ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سارہ تواب عمر نے حیات آباد کی مختلف مارکیٹوں سے 12 گرانفروش گرفتار کیے۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر اصلاح الدین نے ہشتنگری اور جی ٹی روڈ سے 30 گرانفروش، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سعید اللہ جان نے کوہاٹ روڈ اور پھندو روڈسے 14 ، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ہمایون خان نے دلہ زاک روڈ سے 13 جبکہ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عنایت اللہ خان نے بورڈ بازار اور گرد و نواح سے 12 گرانفروشوں کو گرفتار کیا۔

(جاری ہے)

ان گرفتار گرانفروشوں میں قصائی ، سبزی و پھل فروش، مرغی فروش، جنرل سٹور مالکان ، دودھ فروش اور دیگر شامل ہیں۔ آج عوام نے رمضان سہولت مراکز میں بھی گرانفروشوں کے خلاف شکایات درج کیں جن پر موقع پر کاروائی کی گئی۔ آج ضلعی انتظامیہ کی ہیلپ لائن 1052 پر درجنوں شکایات پر متعلقہ علاقہ مجسٹریٹس نے کاروائیاں کیں۔ ڈپٹی کمشنرپشاور ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے ایڈیشنل اسسٹنٹ کو گرانفروشوں کے خلاف سخت کاروائی کی ہدایت کی ہے۔

جبکہ انھوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خریداری کے وقت دکانداروں کو سرکاری نرخ نامہ کے مطابق ادائیگی کریں اور خلاف ورزی کی صورت میں ضلعی انتظامیہ کی ہیلپ لائن 1052 یا قریبی رمضان سہولت مرکز پر شکایت درج کریں۔ آپ کی شکایت پر کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔