قومی سلامتی کمیٹی کی طرف سے آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کو انتظامی امور سمیت مالیاتی اختیارات کی منتقلی قابل تعریف ہے

آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اتوار 20 مئی 2018 23:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2018ء) آزاد جموں کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کی طرف سے آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتوں کو انتظامی امور سمیت مالیاتی اختیارات کی منتقلی قابل تعریف ہے کیونکہ یہ ان علاقوں کے عوام کے لیے مذید ترقی و خوشحالی لائے گا۔ اتوار کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتظامی امور اور مالیاتی اختیارات کی منتقلی دونوں آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا جسے موجودہ وفاقی حکومت نے پورا کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کی حکومت اپنے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مؤثر اور ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر بھارتی ظلم و بربریت کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ وادی میں ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے۔ انہوں نے مذید کہا کہ مودی حکومت نے کشمیریوں کی پرامن تحریک آزادی کی جدوجہد کو روکنے کے لیے مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردی شروع کر رکھی ہے اور نہتے کشمیریوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے جو انسانی حقوق کی بھی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے جس کا انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو بھی نوٹس لینا چاہیئے۔

صدر آزاد جموں و کشمیر کا کہنا تھا کہ کشمیر کے لوگ اپنے بنیادی حق حق خود ارادیت کے لیے اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے کشن گنگا ڈیم کا افتتاح پاکستان کے خلاف ایک سازش ہے تاکہ پاکستان میں پانی کی قلت پید اکی جا سکے لیکن بھارت اپنے ان عزائم میں کامیاب نہیں ہو گا کیونکہ پاکستان بھارت کی جانب سے کی جانے والی سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی پر ورلڈ بنک اور دیگر بین الاقوامی ضامنوں سے رجوع کرے گا۔