کراچی، ہیومن رائٹس نیٹ ورک سندھ چیپٹر کا رمضان میں مہنگائی کے طوفان پرگہری تشویش کا اظہار

حکومت مہنگائی کے جن کو بے قابو ہونے اور پھل فروٹ سمیت روزہ مرہ کی اشیائے خور ونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کرے، ہیومن رائٹس نیٹ ورک کا حکومت سے مطالبہ

پیر 21 مئی 2018 00:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مئی2018ء) ہیومن رائٹس نیٹ ورک سندھ چیپٹر نے رمضان المبارک کی آمد سے ہی مہنگائی کے بڑھتے ہوئے طوفان پرگہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مہنگائی کے جن کو بے قابو ہونے اور پھل فروٹ سمیت روزہ مرہ کی اشیائے خور ونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کرے تاکہ ایک عام آدمی بھی اچھی طرح سے رمضان کی برکات سے فیضیاب ہوسکے۔

یہ بات ہیومن رائیٹس نیٹ ورک سندھ چیپٹر کے صوبائی کونسل میں منظورہونے والی ایک قرارداد میں کہی گئی جوکہ سندھ کے چیرمین ایڈووکیٹ سرداراکبراجن کی زیر صدارت مقامی ہال میں منعقد ہوا،اجلاس میں صوبائی جنرل سیکرٹری کمال احمد فارقی ودیگر بھی شریک تھے۔قرارداد میں کہا گیاکہ مہنگائی کی کی اصل وجہ پرائس کنٹرول ڈپارٹمنٹ کے اہل کاروں کی غفلت ہے۔

(جاری ہے)

اسی سبب حکومتی اقدامات پرعملدرآمد نہیں ہوتا۔ نتیجتاً نہ صرف مہنگائی بڑھتی ہے بلکہ منافع خور اور موقع پرست ناقص اشیاء فروخت کرتے ہیں اور صارفین کو لوٹتے ہیں ۔ روزمرہ کی استعمال کی اشیاء مثلاً گوشت ، دالیں ، سبزیاں، پھل اور کھجور تیل وغیرہ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگتی ہیں۔ اس ہوشربامہنگائی سے غریب عوام کے بنیادی انسانی حقوق پامال ہوتے ہیں۔منافع خوروں کے خلاف قانون کے مطابق اقدام کئے جائیں تاکہ عوام اس ماہ کی برکتوںسے مستفید ہوسکیں۔#