بھارتی فوج کی ورکنگ باؤنڈری پر بلا اشتعال فائرنگ

پنجاب رینجرز نے بھارتی فوج کو منہ توڑ جواب دیا ۔ آئی ایس پی آر

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 21 مئی 2018 12:54

بھارتی فوج کی ورکنگ باؤنڈری پر بلا اشتعال فائرنگ
سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 مئی 2018ء) : بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر بلا اشتعال فائرنگ کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فورسز کی جانب سے فائرنگ ہڑپال اورچارواہ سیکٹر پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ بھارت کی جانب سے مارٹر گولے اور بھاری ہتھیاروں کے ذریعے فائرنگ کی گئی۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پنجاب رینجرز نے بھارتی اشتعال انگیزی کا مؤثر اور منہ توڑ جواب دیا ، بھارتی فائرنگ میں تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

گزشتہ ہفتے بھی سیالکوٹ ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فوج نے بلااشتعال فائرنگ کی ۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کےمطابق ورکنگ باؤنڈری پر بھارت کی جانب سے فائرنگ کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے ۔

(جاری ہے)

بھارت نے سیالکوٹ کے قریب ورکنگ باؤنڈری پر فائرنگ کی ، فائرنگ کے نتیجے میں 3 بچے اور ایک خاتون شہید ہو گئیں، شہید ہونے والے افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ میں بھارتی فورسز نے جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنایا ، فائرنگ کے نتیجے میں 10 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ بھارتی فائرنگ کے جواب میں پنجاب رینجرز کی بھرپور جوابی کارروائیاں جاری ہیں، جوابی کارروائیوں میں بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی بھارت کی جانب سے بارہا لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی جا چکی ہے ، بھارت کی جانب سے پاکستانی آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ قابل مذمت ہے جس پر دفتر خارجہ نے بارہا بھارتی ہائی کمشنر کو اپنے دفتر طلب کر کے اس پر احتجاج بھی کیا۔

فائرنگ کی وجہ سےعلاقے میں کافی خوف و ہراس پھیل گیا ہے ، آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کی وجہ سے علاقہ مکین فجر کی نماز کی ادادئیگی کے لیے بھی گھروں سے نہیں نکل سکے۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز بھی بھارتی سیکیورٹی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی وجہ سے درجنوں مویشی اور ایک بچے سمیت تین افراد شدید زخمی ہوئے تھے۔ بھارتی سکیورٹی فورسز بی ایس ایف نے ورکنگ باونڈری پر اس وقت فائرنگ مارٹر شیلنگ شروع کی جب لوگ سحری کے لئے اٹھے ، بھارتی فورسز نے شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔

قبل ازیں بھارتی سکیورٹی فورسز بی ایس ایف نے ورکنگ باونڈری کے دیہات ٹمبر چک ،سکھوچک،سکمال تغلپور، سانبلی بھوپالپور سیکٹر کے دیہاتوں کو نشانہ بنایا، بھارتی فائرنگ سے سکھوچک کے دو رہائشی فیض احمد ابیال کا عدیم اور وقاص شدید زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔فائرنگ سے متاثرہ علاقہ مکینوں نے سحری کے وقت نقل مکانی کی، شہریوں نے بتایا کہ وہ صرف اپنے بچوں کومحفوظ مقامات پر منتقل کررہے ہیں، جبکہ خود وہ دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالے سینہ سپر ہیں۔

چناب رینجرز کی بھرپور جوابی کارروائی سے بھارتی بندوقیں خاموش ہوگئیں ۔بھارت کی جانب سے پھینکا جانے والا ایک گولہ پھٹ نہ سکا جبکہ فائرنگ کی وجہ سے روزہ داروں نے پانی پی کرروزہ رکھا ۔