فلسطینی صدر ایک ہفتے کے دوران تیسری مرتبہ ہسپتال میں داخل

ہسپتال میں صدر محمود عباس کے جو ٹیسٹ ہوئے ان کے نتائج اچھے اورحالت اطمینان بخش ہے،فلسطینی حکام

پیر 21 مئی 2018 13:15

مقبوضہ بیت المقدس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2018ء)ایک فلسطینی ذمّے دار نے بتایا ہے کہ صدر محمود عباس مغربی کنارے کے ایک ہسپتال میں داخل کر دیے گئے ہیں۔فلسطینی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق رام اللہ میں کنسلٹنٹ ہسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر سعید سراحنہ نے کہاکہ مذکورہ ہسپتال میں صدر محمود عباس کے جو ٹیسٹ ہوئے ان کے نتائج اچھے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ صدر کی حالت اس وقت اطمینان بخش ہے۔یاد رہے کہ چند روز قبل کنسلٹنٹ ہسپتال میں فلسطینی صدر کے ایک کان کا آپریشن ہوا تھا۔واضح رہے کہ ایک ہفتے کے اندر یہ تیسرا موقع ہے کہ 82 سالہ محمود عباس کو ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ وفا ایجنسی کے مطابق فلسطینی صدر منگل کے روز کان کے چھوٹے سے آپریشن کے لیے ہسپتال میں داخل ہوئے تھے۔ اس کے چند گھنٹوں بعد انہیں فارغ کر دیا گیا تھا تاہم جمعے کے روز وہ دوبارہ ہسپتال میں داخل ہو گئے۔