مالی سال 2017-18کے دوران آزاد کشمیر میں مجموعی طور پر292کلومیٹر نئی شاہرات کی تعمیر کے علاوہ130کلومیٹر موجودہ شاہرات کی ریکنڈیشنگ مکمل کی جائے گی‘ڈاکٹر نجیب نقی

پیر 21 مئی 2018 13:30

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2018ء) آزادکشمیرکے وزیرخزانہ ڈاکٹر نجیب نقی نے اپنی بجٹ تقریر میں بتایا کہ آئندہ مالی سال 2018-19ء میںشعبہ رسل و رسائل کیلئے 10ارب38کروڑ30لاکھ روپے رکھے گئے ہیں جو آزاد کشمیر کے مجموعی ترقیاتی پروگرام 2018-19ء کا 41فیصد بنتاہے۔ مالی سال 2017-18کے دوران آزاد کشمیر میں مجموعی طور پر292کلومیٹر نئی شاہرات کی تعمیر کے علاوہ130کلومیٹر موجودہ شاہرات کی ریکنڈیشنگ مکمل کی جائے گی۔

علاوہ ازیں رواں مالی سال کے دوران 825میٹر RCC، 80میٹر سٹیل اور 192 میٹر Suspension Bridges کی تعمیر مکمل کی جائے گی۔ انہوںنے کہا کہ آمدہ مالی سال 2018-19 میں آزاد کشمیر کی اہم شاہرات پر لینڈسلائیڈنگ کی روک تھام، آزاد کشمیر اور پاکستان کے درمیان09 داخلی مقامات پر Weighing Stationsکی تنصیب کے علاوہ ضلع نیلم میں مقامی آبادی اور سیاحوں کی سہولت کے لئے اٹھمقام تا کیل روڈ کی بہتری و ری کنڈیشننگ اور کیل تا تائوبٹ روڈ کی پختگی کی سکیمیں تجویز کی گئی ہیں نیز تمام موجودہ شاہرات پر ٹریفک حادثات کی روک تھام کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے جانے کے لیے بھی سکیم آمدہ مالی سال میں تجویز کردہ ہے۔

(جاری ہے)

مزید برآں دیہی آبادی کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لئے آ ئندہ مالی سال میں مزید435 کلومیٹر رابطہ شاہرات کی تعمیر و ریکنڈیشننگ شامل کی جا رہی ہے۔انہوںنے کہا کہ وفاقی وزارتوں کے زیر انتظام اہم منصوبہ جات جن میںلیپہ ٹنل، شونٹرجگلوٹ روڈ، نوری ناڑ جلکھڈ روڈ ، لوئر ٹوپہ کوہالہ ایکسپریس وے، اٹھمقام تائو بٹ روڈ پر دو عدد ٹنل اور سی پیک کے تحت تجویزکردہ مانسہرہ، مظفرآباد، میرپور، منگلا ایکسپریس وے شامل ہیں جن کے لئے آئندہ مالی سال کے دوران مجموعی طور پر 5 ارب روپے سے زائد اخراجات کا تخمینہ ہے ۔