سٹیٹ بینک جعلی کرنسی کی گھنائونی تجارت میں ملوث عناصر کیخلاف سخت ترین اقدامات اٹھائے‘لاہور چیمبر آف کامرس

پیر 21 مئی 2018 14:22

سٹیٹ بینک جعلی کرنسی کی گھنائونی تجارت میں ملوث عناصر کیخلاف سخت ترین ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2018ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے عوام بالخصوص تاجر برادری کو جعلی کرنسی سے بچنے کے لیے محتاط رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے سٹیٹ بینک آف پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ اس گھنائونی تجارت میں ملوث عناصر کے خلاف سخت ترین اقدامات اٹھائے۔ لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید، سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید اور نائب صدر ذیشان خلیل نے کہا کہ حکومت لوگوں کو اصل کرنسی نوٹ کے سکیورٹی فیچرز بتانے کے لیے مہم چلائے۔

انہوں نے کہا کہ جعلی کرنسی پھیلانے والے مافیا کا خاتمہ کرنے کے لیے حکومت کو اپنے تمام وسائل بروئے کار لانے چاہئیں کیونکہ اس کی وجہ سے نہ صرف عوام اور تاجر برادری کو ہی بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے بلکہ ملکی معیشت پر بھی انتہائی منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے سٹیٹ بینک آف پاکستان کو مشورہ دیا کہ وہ کم از کم اپنی مین برانچوں پر جعلی کرنسی کا پتہ چلانے والی مشینیں اور دیگر آلات ضرور نصب کرے جن سے عوام بھی بلامعاوضہ استفادہ کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان جعلی کرنسی کے استعمال پر عائد سزائوں کی بھرپور تشہیر کرے ۔ عوام کی حوصلہ افزائی کی جائے کہ اگر اُن کے پاس جعلی نوٹ آئیں تو وہ انہیں قریبی بینک یا سٹیٹ بینک آف پاکستان کے بینکنگ سروس کارپوریشن آفس میں جمع کروائیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس کی اطلاع کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اگر جعلی کرنسی پھیلانے والے مافیا کو آہنی ہاتھوں کے ساتھ جڑ سے نہ اکھاڑا تو معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔

متعلقہ عنوان :