رمضان المبارک میں صنعتی سیکٹرکو10 گھنٹے بجلی کی عدم فراہمی سے صنعتی شعبہ متاثر ہوگا ‘ شفیق اے نقی

پیر 21 مئی 2018 14:22

رمضان المبارک میں صنعتی سیکٹرکو10 گھنٹے بجلی کی عدم فراہمی سے صنعتی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2018ء) چیئرمین لاہور ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن ڈاکٹر شفیق اے نقی نے ملک بھر میں رمضان المبارک کے دوران صنعتی سیکٹر کو بجلی کی فراہمی معطل رکھنے کے حتمی فیصلہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک میں صنعتی سیکٹرکو10گھنٹے شام 6بجے سے صبح4بجے تک بجلی کی عدم فراہمی سے صنعتی شعبہ متاثر ہوگا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے سینئر وائس چیئرمین میاں شہریار علی ،حافظ ایم عمران حمید وائس چیئرمین کے ساتھ ٹائون شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔شفیق اے نقی نے کہا کہ صنعتی شعبہ میں مسلسل10گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ سے صنعتکاروں کے پہلے سے طے شدہ اشیاء کی بروقت فراہمی کے معاہدے متاثر ہونگے اور انہیں کروڑوں روپے کا نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ یہ حیران کن امر ہے کہ بدترین لوڈ شیڈنگ کے باوجود نندی پور پاور پلانٹ کو ایک ماہ کیلئے مرمت کیلئے بند کردیا گیا جبکہ اس وقت پنجاب بھر میں بجلی کی فراہمی اشد ضروری ہے انہوں نے کہا کہ حکومتی وافر بجلی کے دعوئوں کے بعد صنعتی سیکٹر میں 10گھنٹے مسلسل لوڈشیڈنگ کا فیصلہ واپس لیا جائے اور انڈسٹریز اس کی ضرورت کے مطابق بجلی فراہمی کی جائے کیونکہ صنعتی شعبہ معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے صنعتی پہیہ مسلسل رواں دواں رہنے سے ہی ملک ترقی کرے گا اور حکومتی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔