افطاراورسحری کے اوقات میں لوڈشیڈنگ نہیں کی جارہی ہے، پیسکو ترجمان

پیر 21 مئی 2018 14:23

افطاراورسحری کے اوقات میں لوڈشیڈنگ نہیں کی جارہی ہے، پیسکو ترجمان
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2018ء) پشاورالیکٹرک سپلائی کمپنیپیسکو رمضان المبار ک کے مبارک مہینے میں صارفین کو بجلی کی بہترفراہمی کے لئے کوشاں ہے تاہم پیسکو کی عوام سے بھی درخواست ہے کہ رمضان المبارک میں اورخاص کر سحری ,افطار اور تراویح کے اوقات میں بجلی کے استعمال میں اعتدال سے کام لیں تاکہ بجلی فراہمی نظام کو اوورلوڈنگ سے بچایا جاسکے اور بجلی کی فراہمی میں کم سے کم تعطل ہو۔

(جاری ہے)

پاورڈویژن کی ہدایت کے تحت ممکنہ حد تک افطاری سے سحری تک صوبے بھرمیں لوڈشیڈنگ نہیں کی جاتی اور اس کے لئے بھی انڈسٹریل فیڈرز کو اس دوران بندرکھا جاتا ہے تاکہ گھریلو صارفین کو بجلی کی فراہمی جاری رکھی جاسکی․ کوئی فنی وجہ نہ ہو تو دیگراوقات میں فیڈر پر خسارے کے حساب سے مندرجہ ذیل روٹین کی لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے ‘تفصیلات کے مطابق دیگر اوقات میں 10فیصد سے 20 فیصد لاسز والے فیڈرز پرساڑھے چار گھنٹے،20فیصد سے 30فیصد لاسز والے فیڈرز پر 5 گھنٹے ،30 سے 40فیصد تک لاسز والے فیڈرز پر 6 گھنٹے،40فیصد فیصد سے 60فیصد والے فیڈرز پر 7 گھنٹے،60 فیصدسے 80فیصد لاسز والے فیڈرز پر 8 گھنٹے جبکہ 80فیصد سے زائد خسارے والے فیڈرز پر 11 گھنٹے کی شیڈولڈ لوڈشیڈنگ کی جاتی ہی․اگر کسی فنی وجہ سے بجلی کی فراہمی میں کمی ہوئی تو عوام کو اس کی باقاعدہ اطلاع دی جائے گی کہیں پر بھی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی۔