ایم ایم اے کی تنظیم سازی، حافظ محمد ریحان صدر اور محمد ریاض مسلم ضلع ہری پور کے جنرل سیکرٹری منتخب ہو گئے

پیر 21 مئی 2018 15:36

ْ ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2018ء) متحدہ مجلس عمل ضلع ہری پور کی تنظیم سازی کے سلسلہ میں ایک اہم اجلاس امیر جے یو آئی حافظ محمد ریحان کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا۔ اجلاس میں اتحادی جماعتوں کے کثیر تعداد میں کارکنان شریک تھے۔ متحدہ مجلس عمل کی صوبائی قیادت کی طرف سے صوبائی سیکرٹری مالیات مفتی کفایت الله، صوبائی سیکرٹری اطلاعات نورالحق اور صوبائی نائب امیر مولانا فضل الرحمن مدنی نے خصوصی شرکت کی۔

اجلاس کے ابتداء میں مفتی کفایت الله، نورالحق اور مولانا فضل الرحمان مدنی نے متحدہ مجلس عمل کی تشکیل، اغراض و مقاصد، اہداف اور تنظیم سازی کے طریقہ کار پر روشنی ڈالی۔ قائدین نے مرکزی و صوبائی تنظیموں کی تکمیل میں تمام جماعتوں کے مثالی اتحادی رویہ اور اخلاص کی تفصیل بتائی اور حالیہ دنوں میں صوبہ کے دیگر اضلاع میں جس تیزی سے تنظیمیں مکمل ہو رہی ہیں اور جس جوش و جذبہ اور تعمیری سوچ سے مجلس عمل پھل پھول رہی ہے اس پر امید ظاہر کی کہ یہ اتحاد اسلامیان پاکستان کی آواز بن چکا ہے، صوبہ خیبر پختونخوا میں یقینی کامیابی کے ساتھ ساتھ مرکز میں بھی حیرت انگیز کارکردگی و کامیابی نظر آئے گی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں تمام اتحادی جماعتوں سے چار چار ارکان لیکر 20 رکنی ضلعی سپریم کونسل کا قیام عمل میں لایا گیا، سپریم کونسل میں اتفاق رائے سے جے یو آئی کے ضلعی امیر حافظ محمد ریحان کو صدر اور جماعت اسلامی کے محمد ریاض مسلم کو جنرل سیکرٹری منتخب کر لیا گیا۔ دیگر عہدیداروں میں جے یو پی کے مولانا غلام جیلانی، جماعت اسلامی کے اقبال چوہان، مرکزی جمیعت اہلحدیث کے غلام مصطفی چوہان اور تحریک اسلامی کے سید علی رضا بالترتیب نائب امراء اور جمیعت اہلحدیث کے حافظ ابراہیم خلیل، جے یو آئی کے سید عبدالباسط شاہ و مولانا میر افضل جے یو پی کے مشتاق احمد اور تحریک اسلامی کے زاہد رضوی بالترتیب ڈپٹی جنرل سیکرٹریز جبکہ سیکرٹری فنانس جمعیت اہلحدیث کے ملک عبدالمتین اور سیکرٹری اطلاعات تحریک اسلامی کے علی عباس جعفری منتخب ہو گئے۔

اجلاس کے اختتام پر صدر حافظ محمد ریحان، جنرل سیکرٹری محمد ریاض مسلم، سیکرٹری مالیات ملک عبدالمتین اور سیکرٹری اطلاعات علی عباس جعفری نے مشاورت کر کے 24 مئی کو ایم ایم اے ضلع ہری پور کی سپریم کونسل کا اجلاس طلب کر لیا تاکہ آئندہ کا لائحہ عمل طے کر کے جماعت کو ضلع بھر میں فعال کیا جائے اور انتخابات کی تیاریوں کا لائحہ عمل بنایا جا سکے۔