وفاقی محتسب کی فارمیسی کونسل آف پاکستان کو قائداعظم یونیورسٹی کے فارم ڈی گریجویٹس کی رجسٹریشن سے متعلق 60 یوم میں فیصلہ کرنے کی ہدایت

پیر 21 مئی 2018 15:52

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2018ء) وفاقی محتسب سید طاہر شہباز نے فارمیسی کونسل آف پاکستان کو ہدایت کی ہے کہ قائداعظم یونیورسٹی کے فارم ڈی گریجویٹس کی رجسٹریشن سے متعلق معاملہ کا 60 یوم میں فیصلہ کرے۔ گریجویٹڈ فارمیسی ڈاکٹروں نے وفاقی محتسب میں شکایت درج کرائی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے 2016ء میں قائداعظم یونیورسٹی سے فارمیسی میں ڈگری حاصل کی جس کی کونسل میں رجسٹریشن کا ابھی انتظار ہے۔

شکایت میں مزید کہا گیا ہے کہ فارمیسی پروگرام 2011ء میں شروع کیا گیا اور یونیورسٹی نے کونسل سے این او سی حاصل کرنے کے لئے رابطہ کیا۔ کونسل نے دو سال کے انتظار کے بعد 2013ء میں یونیورسٹی کو این او سی جاری کیا۔ شکایت میں مزید کہا گیا ہے کہ 2018ء میں کونسل نے یونیورسٹی کے فارم ڈی پروگرام کو مشروط طور پر تسلیم کیا تاہم کئی سال گزرنے کے باوجود تمام قواعد و ضوابط پورے کرنے کے باوجود رجسٹریشن کا مسئلہ ابھی تک حل نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

فارمیسی ڈیپارٹمنٹ کے 25 کوالیفائیڈ فیکلٹی ممبران نے پروگرام کے میرٹ سے متعلق اپنی شکایت درج کروائی ہے۔ سماعت وفاقی محتسب کے دفتر میں مسئلہ کو حل کرنے کے لئے منعقد ہوئی جس میں تمام فریقوں نے اس معاملے پر تفصیلی بحث کی جس کے دوران فارمیسی کونسل کے نمائندوں نے کونسل اور یونیورسٹی کی مشاورت سے معاملے کو حل کرنے پر اتفاق کیا۔