Live Updates

تحریک انصاف کے پہلے 100 روزہ پلان میں ملک کے ساڑھے چھ کروڑ محنت کشوں اور ان کے مسائل کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا ہے، حبیب جنیدی

غریب محنت کش کے مستقبل اور مسائل کے حوالہ سے مزدور دشمن مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کی سوچ اور پالیسی میں کوئی واضح فرق نہیں، سینئرمزدوررہنما

پیر 21 مئی 2018 16:08

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے عام انتخابات جیتنے کی صورت میں گذشتہ روز اعلان کئے گئے پہلے 100دن کے پلان پر تبصرہ کرتے ہوئے سینئر مزدور رہنما حبیب الدین جنیدی نے کہا کہ اس پورے پلان میں ملک کے ساڑھے چھ کروڑ محنت کشوں اور ان کے مسائل کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا ہے ۔ایک بیان میں انہو ں نے کہا کہ محنت کش طبقہ ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور اسے نظر انداز کیا جانا اس حقیقت کو واضح کرتا ہے کہ جہاں تک غریب محنت کش عوام کا تعلق ہے ان کے مستقبل اور مسائل کے حوالہ سے مزدور دشمن مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کی سوچ اور پالیسی میں کوئی واضح فرق نہیں ۔

پیپلز لیبر بیورو سندھ آرگنائزنگ کمیٹی کے کنوینرحبیب الدین جنیدی نے کہا کہ ملک کی آبادی کا 30فیصد سے بھی زائد حصہ محنت کشوں پر مشتمل ہے اور وہ ظالم سرمایہ دارانہ نظام اور وفاقی حکومت کی نامنصفانہ پالیسیوں کی وجہ سے مہنگائی اور بیروزگاری کے طوفان میں انتہائی عسرت کی زندگی بسر کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لاکھوں کی تعداد میں افراد ٹھیکیداری نظام،تھرڈ پارٹی کنٹریکٹ ایمپلائمنٹ سسٹم اور آؤٹ سورسنگ کے انسانیت سوز نظام کے تحت زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔

ان ملازمین کو مزدور قوانین کے تحت اُن کے بنیادی حقوق بھی میسر نہیں لیکن تحریک انصاف نے اپنے 100روزہ پلان میں ان کروڑوں مظلوموں کا ذکر کرنابھی مناسب نہ سمجھا۔حبیب الدین جنیدی نے کہا کہ ’’ن‘‘لیگ نے اپنے تمام ادوارِ حکومت میں محنت کشوں کے حقوق کو غصب کرنے کے لئے قوانین مرتب کئے اور اُن کی جدوجہد کو کُچلا ہے جبکہ تحریک انصاف کے 100 روزہ پلان کا جائزہ لینے سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہ بھی ’’ن‘‘لیگ کی مزدور دشمن پالیسیوں پر ہی عملدرآمد کرے گی۔

حبیب الدین جنیدی نے کہا کہ پیپلز پارٹی بنیادی طور پر مزدور اور محنت کش عوام کی پارٹی ہے اور اگلے عام انتخابات میں کامیابی کے حصول کے بعد وہ محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے مزید قانون سازی کرے گی اور سرمایہ دارانہ نظام کے خاتمہ کے لئے اپنی جدوجہد کو بھر پور توانائی کے ساتھ جاری رکھے گی اور آزمائش کی کسی گھڑی میں انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات