آزاد کشمیر میں اصلاحات کا عمل جاری ہے، انتظامی ، مالیاتی اورا ٓئینی اصلاحات کا عمل شروع ہوگیا، محمد فاروق حیدر

آزاد کشمیر کو مالیاتی خود مختاری مل گئی ،اب ہماری ذمہ داریاں بڑھ گئی ہیں ،آمدن اخراجات کے توازن کو برقرار رکھاجائیگا،وزیراعظم آزاد کشمیر

پیر 21 مئی 2018 16:12

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2018ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے اندر اصلاحات کا عمل جاری ہے انتظامی ،مالیاتی اور آئینی اصلاحات کا عمل شروع ہو گیا ہے آزاد کشمیر کو مالیاتی خود مختاری مل گئی ہے اب ہماری ذمہ داریاں بڑھ گئی ہیں آمدن اخراجات کے توازن کو برقرار رکھاجائے گا قائد پاکستان میاں محمد نواز شریف کی آزادکشمیر سے خصوصی دلچسپی ، وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی ،وزیرخزانہ کا شکریہ جن کی خصوصی دلچسپی اور مہربانی سے 1992کے بعد پہلی مرتبہ آزادکشمیر کا وفاقی محصولات میں حصہ 2.27سے بڑھا کر 3.64کر دیا گیا ہے جبکہ آزادکشمیر کا ترقیاتی بجٹ دوگنا کیے جانے کے بعد اس میں مزید اضافہ کیا گیا ہے اس کے برعکس جب میں پہلی مرتبہ وزیراعظم تھا اس وقت کی پی پی کی وفاقی حکومت نے 10ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ کو کم کر کے 6ارب روپے کر دیا ۔

(جاری ہے)

یہ اعزاز مسلم لیگ ن کی حکومت کو جاتا ہے کہ جس نے کئی دہائیوں سے آزادکشمیر کے حل معاملات جن میں واٹر یوزز میں اضافہ ،وفاقی محصولات میں اضافہ ،ایک بااختیار ذمہ دار حکومت کے قیام کے لیے عملی اقدامات اٹھائے ۔حکومت آزادکشمیر خطہ کے اندر مالیاتی نظم و ضبط کے لیے کوشاں ہے اور ایک سسٹیمیٹک طریقے سے معاملات چلانا چاہتے ہیں ہم نے تھروفاروڈ کم کیا۔

غیر ضروری اخراجات ختم کیے ترقیاتی اور غیر ترقیاتی بجٹ میں بڑی تفاوت کو کم ترین سطح پر لایا ۔2سال کے اقدامات ہماری کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہیں جب 5سال پورے ہوں گے تو لوگوں کو فرق نظر آئے گا وزیراعظم آزادکشمیر یہاں کابینہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ وفاق میں آزادکشمیر کے حقیقی معاملات پر پیش رفت ہو رہی ہے ترقیاتی بجٹ میں اضافہ ، وفاقی محصولات (این ایف سی)میں26سالوں 50فیصد سے زائد اضافہ ،آئینی ترامیم ،آزادکشمیر کو مالیاتی خودمختاری دیے جانے کے تاریخ ساز اقدامات اٹھائے گئے ہیں اس سارے عمل کو بہتر انداز میں آگے بڑھانے کے لیے سابق چیف سیکرٹری آزادکشمیر ڈاکٹر اعجاز منیر،ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر سیدآصف حسین شاہ نے بھرپور اور مثالی کردار ادا کیا کابینہ اجلاس سے خطاب کے دوران وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ وزراء اپنے اپنے محکموں کی پالیسی دینے کے ذمہ دار ہیں وزراء حضرات کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے اپنے محکمہ جات میں مالیاتی نظم و ضبط قائم کریں اور مالیاتی پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کرائیں اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر نے یکم جولائی سے شروع ہونے والے نئے مالی سال کو ذرائع آمدن بڑھانے کا سال قرار دیتے ہوئے کہا کہ نئے مالی سال کے آغاز سے ہی تمام محکمے اپنی آمدنی کے اہداف کا حصول یقینی بنائیں وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ حکومت پاکستان سے دیرینہ اور حل طلب معاملات پر پیش رفت غیر معمولی اور تاریخی نوعیت کی حامل ہے آزادکشمیر کو بااختیار اور باوقار بنانے کے لیے آزادکشمیر کے عوام سے جو وعدے کیے گئے ہیں اللہ کی مہربانی سے یہ پورے کیے جائیں گے اور ان پر عملدرآمد ہو گا آزادکشمیر کو ترقی یافتہ اور ماحولیاتی طور پر خودکفیل بنانے کے لیے جاندار اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اس مقصد کے لیے ایک نظام کے تحت آگے بڑھ رہے ہیں ۔

ریاست معاشی خود کفالت کی منزل کے قریب تر ہے ۔