لازوال دھنوں کے خالق موسیقار اے حمید کی 27ویں برسی منائی گئی

پیر 21 مئی 2018 16:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 مئی2018ء) برصغیر کے نامور موسیقار اے حمید کی پیر کے روز 27 ویں برسی منائی گئی۔ اے حمید کی ترتیب دی ہوئی دھنیں آج بھی شائقین موسیقی کی سماعتوں میں تروتازہ ہیں۔ہم بھول گئے رے ہر بات مگر تیرا پیار نہیں بھولے، یہ دھن بھلا کیسے یاد نہ ہو، اس لاسوال دھن کے خالق اے حمید نے 1934ء میں ایک علمی گھرانے میں آنکھ کھولی۔

(جاری ہے)

فلمی کیرئیر کا آغاز بمبئی میں پیانو نواز کی حیثیت سے کیا۔اے حمید نے 1957ء میں پہلی فلم " انجام" کی،1960ء میں ان کی فلم "سہیلی" نے بے مثال کامیابی حاصل کی۔ اے حمید نے بیشمار فلموں کیلئے مقبول دھنیں تخلیق کیں۔اے حمید1988ء میں لاہور سے فلمی دنیا چھوڑ کر راولپنڈی چلے آئے اور پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس کے پلیٹ فارم سے فن کاروں کو موسیقی کی تعلیم و تربیت سے آراستہ کیا۔ اے حمید 20 مئی 1991ء کو دنیا سے رخصت ہوگئے تھے لیکن ان کی بنائی ہوئی دھنیں،غزلوں،گیتوں اور نغموں کے روپ میں آج بھی زندہ ہیں۔