سعودی عرب، حوثیوں کی جانب سے جازان پر داغا گیا بیلسٹک میزائل تباہ

تباہ شدہ میزائل کے ٹکڑے رہائشی علاقوں میں گرے تاہم کسی قسم کا نقصان واقع نہیں ہوا،ترجمان عرب اتحاد

پیر 21 مئی 2018 17:03

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2018ء) یمن میں آئینی حکومت کو سپورٹ کرنے والے عرب اتحاد کی فورسز کے سرکاری ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہاہے کہ اتحاد کے فضائی دفاع نظام نے پیر کی صبح چاربج کر 39منٹ پر مملکت کی اراضی میں جازان صوبے کی سمت داغے گئے ایک بیلسٹک میزائل کو ناکام بنا دیا۔

(جاری ہے)

عرب ٹی وی کے مطابق ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ یہ میزائل یمن میں صعدہ صوبے میں موجود ایران نواز حوثی ملیشیا کی جانب سے داغا گیا تھا۔

المالکی نے واضح کیا کہ میزائل کو دانستہ طور پر شہری علاقوں اور آبادی کو نشانہ بنانے کے واسطے داغا گیا تاہم سعودی فضائی دفاعی فورسز نے اسے فضا میں ہی تباہ کر دیا۔ تباہ شدہ میزائل کے ٹکڑے رہائشی علاقوں میں گرے تاہم کسی قسم کا نقصان واقع نہیں ہوا۔انہوں نے مزید بتایا کہ سعودی شاہی فضائی دفاعی فورسز نے ایک اور میزائل کا پتہ چلا لیا تھا جو ایک غیر آبادی صحرائی علاقے میں گرا اور کسی قسم کا نقصان واقع نہیں ہوا۔