عراق میں قومی حکومت کی تشکیل کے لیے جوڑ توڑ جاری ،اہم رہنمائوں کی ملاقاتیں

مقتدی الصدرکی بدرتنظیم کے قائد سے ملاقات، جیتنے والے گروپوں سے حکومت تشکیل دینے کا مطالبہ

پیر 21 مئی 2018 17:06

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2018ء) عراقی دارالحکومت بغداد میں سائرون سیاسی گروپ کے سربراہ مقتدی الصدر نے اپنی قیام گاہ پر بدر تنظیم کے قائد اور الفتح سیاسی اتحاد کے سربراہ ہادی العامری سے ملاقات کی۔ العامری نے مقتدی الصدر کو پارلیمانی انتخابات میں سائرون اتحاد کی جیت پر مبارک باد پیش کی۔عرب ٹی وی کے مطابق دونوں شخصیات کے درمیان بات چیت میں سیاسی عمل کی پیش رفت، قومی حکومت کی جلد تشکیل، عوام کو پیش کی جانے والی خدمات اور عوام کی امنگوں کو پورا کرنے جیسے موضوعات پر تبادلہ خیال ہوا۔

مقتدی الصدر نے جیتنے والے گروپوں سے حکومت تشکیل دینے کا مطالبہ کیا۔مقتدی الصدر کی ہادی العامری سے ملاقات الصدر کی وزیراعظم حیدر العبادی سے ملاقات کے بعد 24 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں سامنے آئی ہے۔

(جاری ہے)

العبادی کے گروپ نے انتخابات میں الصدر اور العامری کے گروپوں کے بعد تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔دو روز قبل مقتدی الصدر نے الحکمہ گروپ کے سربراہ عمار الحکیم کا استقبال کیا تھا۔

الحکمہ گروپ نے پارلیمنٹ کی 20 نشستیں حاصل کی ہیں۔واضح رہے کہ سائرون گروپ نے پارلیمنٹ کی 54 اور النصر اتحاد نے 42 نشستیں حاصل کی ہیں۔ اس طرح یہ دونوں گروپ الحکمہ گروپ کے ساتھ سب سے بڑا اتحاد بنا کر آئندہ حکومت تشکیل دینے کے اہل بن گئے ہیں۔آنے والے دنوں میں عراق کے منظرنامے میں سیاسی اتحادوں کا جوڑ توڑ دیکھنے میں آئے گا جو بہترین خدمات پیش کرنے والی حکومت تشکیل دینے کے لیے کوشاں ہیں۔

متعلقہ عنوان :