پاکستان سرمایہ کاری کیلئے ایک پرکشش ملک ہے،

حکومت نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے پر بہت سی مراعات فراہم کر رکھی ہیں،شیخ عامر وحید

پیر 21 مئی 2018 17:06

پاکستان سرمایہ کاری کیلئے ایک پرکشش ملک ہے،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2018ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا ہے کہ پاکستان سرمایہ کاری کیلئے ایک پرکشش ملک ہے، حکومت نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے پر بہت سی مراعات فراہم کر رکھی ہیں، انہوںنے اس بات پر زور دیا کہ غیر ملکی سرمایہ کار ان سے استفادہ کرنے کیلئے پاکستان میں سرمایہ کاری اور جوائنٹ وینچرز قائم کرنے کی کوشش کریں۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے اپنی رہائش گاہ پر غیر ملکی سفراء کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا جس میں چین، جاپان، فرانس، آسٹریلیا، برطانیہ، ترکی، بھارت، بیلا روس، ازبکستان، تاجکستان، قزاخستان، آذربائیجان، پولینڈ، مراکش، متحدہ عرب امارات، نیپال، سوئٹزرلینڈ ، سری لنکا، سوڈان، آسٹریا اور تیونس کے سفراء سمیت مختلف ممالک کے کمرشل کونسلرز اور دیگر نمائندگان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید ملک، نائب صدر نثار مرزا اور چیئرمین فائونڈر گروپ زبیر احمد ملک سمیت تاجر برادری کی کثیر تعداد نے بھی افطار ڈنر میں شرکت کی۔ اس موقع پرسے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے افطار ڈنر میں شرکت کرنے پر تمام سفراء کا شکریہ ادا کیا۔

انہوںنے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری کیلئے ایک پرکشش ملک ہے کیونکہ حکومت نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے پر بہت سی مراعات فراہم کر رکھی ہیں لہذا انہوںنے اس بات پر زور دیا کہ غیر ملکی سرمایہ کار ان سے استفادہ کرنے کیلئے پاکستان میں سرمایہ کاری اور جوائنٹ وینچرز قائم کرنے کی کوشش کریں۔ انہوںنے سفراء پر زور دیا کہ وہ اپنے ملک کے سرمایہ کاروں کو پاکستان کی معیشت میں پائے جانے والے سرمایہ کاری کے مواقعوں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کریں تا کہ وہ ان سے بھرپور استفادہ حاصل کر سکیں۔

شیخ عامر وحید نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت پاکستان میں توانائی، انفراسٹریچکر کی ترقی اور کمیونیکیشن سمیت دیگر شعبوں میں بہت سے ترقیاتی منصوبے شروع ہو چکے ہیں جبکہ سی پیک کے تحت پاکستان میں 9اسپیشل اکنامک زون بھی قائم کئے جائیں گے جن میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع فراہم ہوں گے۔ انہوںنے کہا یہی مناسب وقت ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان کا دورہ کر کے دلچسپی کے شعبوں میں سرمایہ کاری اور کاروباری شراکتیں قائم کرنے کے مواقع تلاش کریںاور ٹیکنالوجی کی منتقلی کر کے پاکستان میں صنعتی یونٹس لگانے پر غور کریں۔