چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور کا یوسی 28 کا دورہ، سیوریج کے جاری کام کا معائنہ

پیر 21 مئی 2018 17:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2018ء) چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے کہا ہے کہ عوام کو ہر ممکن بلدیاتی سہولیات پہنچانے کیلئے منتخب بلدیاتی نمائندگان دن رات اقدامات کرنے میں مصروف عمل ہیں ، ہماری اولین کوشش ہے کہ ماہ رمضان میں مسلمان بھائیوں کو عبادت سمیت کسی قسم کی بلدیاتی سہولیات میں کمی کا سامنا نہ کرنا پڑیاسی حکمت عملی کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے ترقیاتی کاموں کی سر انجام دہی کو یقینی بنایا جا رہا ہے، سیوریج کے مسائل کی وجہ سے عوام کو جو دشواریاں درپیش ہیں انہیں حل کرنے میں بلدیہ شرقی اپنا بھرپور کردار ادا مر رہی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوسی 28 بخش علی گوٹھ میں سیوریج لائنوں کی تنصیب کے حوالے سے کاموں کے معائینے کے دوران کیا اس موقع پر یوسی 28 کے چیئرمین خالد اجمیری ، وائس چیئرمین عثمان مقصود دیگر یوسیز نمائندگان اور علاقہ مکین بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق سیوریج کے مسائل کے سبب بخش علی گوٹھ کے رہائشیوں کو نماز کیلئے مسجد آنے جانے و امور زندگی انجام دینے میں شدید دشواریوں کا سامناکرنا پڑ رہا تھا اور آئے دن گٹر ابلنے کی شکایات موصول ہورہی تھیں تعفن زدہ ماحول اور گندے پانی سے صاف ماحول کی فراہمی کیلئے بلدیہ شرقی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے نئی سیوریج لائنوں کی تنصیب کے احکامات جاری کیئے ،جس پر کام تیزی سے جاری ہے اس موقع پر چیئرمین معید انور کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ تقریبا12 انچ قطر کی سیوریج لائنیں تنصیب کی جائیں گے جس سے رہائشیوں کو طویل المعیاد بنیادوں پر سیوریج کے مسائل سے چھٹکارہ مل جائے گا، چیئرمین معید انور نے اس موقع پر لائنوں کی تنصیب کے حوالے سے کاموں کو فی الفور یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ہنگامی بنیادوں پر اس کو مکمل کیا جائے، میں خود اس کام کی مانیٹرنگ کیلئے دورے کرونگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ترقیاتی کاموں میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیئے۔ علاوہ ازیں انہوں نے تجاوزات پھیلانے والے عناصر کو پابند کیا کہ وہ تجاوزات کا از خود خاتمہ کردیں بصورت دیگر کاروائی عمل میں لاکر تجاوزات ہٹا دی جائیں گی اور جو تجاوزات قائم کرنے میں ملوث ہونگے ان کیخلاف سختی سے نمٹا جا ئیگا۔